سعودی عرب کا دنیا بھر سے زمینی وفضائی رابطہ منقطع، بندرگائیں بھی بند

ریاض(زمینی حقائق ڈاٹ کام)سعودی عرب نےتمام انٹرنیشنل فلائٹس پر پابندی عائد کردی ہے اس کے علاوہ ملک بھر کا زمینی اور فضائی رابطہ دنیا بھر سے منقطع کر دیا گیا ہےبندرگائیں بھی بند رہیں گی۔

سعودی عرب کی طرف گزشتہ رات یہ ہنگامی اعلان کیا ہے اس فیصلے سے ہزاروں پاکستانی بھی متاثر ہوں گے جو سعودی عرب فوری طور پر واپسی کے منتظر تھے۔ جبکہ عمرہ پر جانے کے خواہشمند پاکستانی بھی متاثر ہوں گے۔

انٹرنیشنل فلائیٹس پر پابندی کا اطلاق دیگر ممالک سے آنے والے تارکین اور عمرہ زائرین کی پروازوں پر بھی ہو گا۔ سعودی میڈیا کے مطابق فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگیا ہے.

پابندیوں کی وجہ برطانیہ اور یورپ میں کورونا وائرس کی پہلے سے زیادہ خطرناک اقسام کی دریافت ہے تاہم اس وقت جو پروازیں مملکت میں موجود ہیں انہیں واپس جانے کی اجازت ہو گی۔

سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ صرف پروازیں ہی نہیں بلکہ بندرگاہیں اور زمینی راستوں سے لوگوں کے سعودی عرب داخل ہونے پر ایک ہفتے کی پابندی رہے گی۔

کچھ پروازوں کو خصوصی حالات میں اُڑان بھرنے اور سعودی عرب آنے کی اجازت ہو گی۔ 8 دسمبر کے بعد جو لوگ بھی یورپی ممالک سے سعودی عرب آ رہے ہیں یا دیگر ایسے ممالک سے آ رہے ہیں سعودیہ پہنچنے کے بعد دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

ان افراد کو خود کو آئسولیشن میں رکھنے کے دوران کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی ہو گا اور ہر پانچویں روز یہ ٹیسٹ دوبارہ کروانا ہو گا۔ اسی طرح وہ افراد جو پچھلے تین ماہ کے دوران کسی یورپی ملک یا کورونا ہائی رسک ملک سے ہو کر سعودی عرب پہنچے ہیں.

چاہے ان کا ٹرانزٹ ویزہ پر ہی ان ممالک میں قیام رہا ہو، انہیں بھی کورونا ٹیسٹ سے گزرنا پڑے گا۔ حکام نے بتایا ہے کہ جن ممالک میں کورونا وائرس کی نئی شکل سامنے آئی ہے، وہاں سے کھانے پینے کی چیزیں اور دیگر اشیاء بھی منگوانے پر ممانعت ہو گی۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی سفر پر پابندی کی مُدت میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے،یہ ساری صورت حال کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے مشروط ہو گی مقصد کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

Comments are closed.