سعودی عرب نے تمام ممالک کو حج معاہدے کرنے سے روک دیا

ویب ڈیسک
فوٹو : فائل ،عاجل

مکہ مکرمہ:سعودی عرب نےتمام ممالک سے کہا ہےکہ وہ حج انتظامات  کے سلسلے میں ابھی حتمی معاہدے نہ کریں، یہ بات سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح بنتن نے ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے.

ڈاکٹر صالح بنتن نےسعودی نیوز چینل الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئےدنیا بھر کے مسلمانوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے حوالے سے منظر نامہ صاف ہونے تک حج اور عمرے کے انتظامات کے سلسلے میں انتظار کریں-

اس حوالے سے اردو نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیر حج نے اطمینان دلایا ہے کہ سعودی عرب عازمین حج کے استقبال اور انہیں جملہ خدمات فراہم کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے- تاہم سعودی عرب کی پہلی ترجیح حجاج کرام کی سلامتی ہے-

سعودی وزیر حج نے کہا کہ سعودی عرب پروازوں پر پابندی کے باعث وطن  واپس اپنے ملکوں میں نہ جاسکنے والے 1200 عمرہ زائرین کی میزبانی کررہا ہے-

سعودی عرب میں موجود 1200 میں 300 پاکستانی زائرین بھی ہیں جن کی سعودی عرب حکومت میزبانی کر رہی ہے اور انھیں ایران کی طرح زبردستی پاکستان واپس نہیں بھجوایا گیا.

ڈاکٹر صالح بنتن نے کہا کہ ایسے تمام عمرہ زائرین کو ان کے پیسے واپس کردیے ہیں جنہوں نے عمرہ ویزا حاصل کرلیا تھا لیکن عمرہ نہیں کرسکے تھے، عمرہ بکنگ کرانے والوں کی تمام رقمیں واپس کردی گئیں- یہ سارا کام آن لائن انجام دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں جدید ٹیکنالوجی کی بدولت حج، صحت اور داخلہ کی وزارتوں نے یگانگت پیدا کرکے یہ کام انجام دیا ہے- تمام ادارے حج اور عمرہ زائرین سے متعلق انفارمیشن ڈیٹا سے منسلک ہیں-

Comments are closed.