سابق بھارتی جج کا بھی عمران خان کو نوبل انعام دینے کا مطالبہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان کے بعد بھارت سے بھی وزیراعظم عمران خان کو نوبل انعام دینے کی آواز بلند ہوگئی، بھارت سے یہ مطالبہ بھارت کی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے کیا۔

بھارت کے سابق جج جیو نیوز میں حامد میر سے گفتگو کر رہے تھے، بھارت کی عدالت عظمیٰ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نورا کشتی کر رہے ہیں انہیں کوئی جنگ نہیں کرنی بلکہ انہیں صرف الیکشن جیتنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت دو غریب ملک ہیں اور دونوں آپس میں جنگ کے متحمل نہیں ہو سکتے، وزیراعظم پاکستان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے حوالے سے جو تقریر کی وہ بہت متاثر کن تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے بالکل ٹھیک بات کی تھی کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، آئیں بیٹھ کر بات کریں، ان کی تقریر کو صرف جنوبی ایشیا میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں پھیلایا جانا چاہیے۔

مرکنڈے کاٹجو کا کہنا تھا کہ آپ پاکستانی لوگ تو اپنے وزیراعظم کو صرف ایک کرکٹر اور ایک سیاستدان کے طور پر دیکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا عمران خان نے جنگوں کی تاریخ کا حوالہ دیکر تقریر کی تو میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے آکسفورڈ یونی ورسٹی میں صرف کرکٹ ہی نہیں کھیلی بلکہ تاریخ بھی پڑھی ہے اور وہ ایک اسکالر ہیں۔

اپنے ملک کے میڈیا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نے بہت ہی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، 90 سے 95 فیصد بھارتی میڈیا بکا ہوا ہے اور صرف 5 سے 10 فیصد لوگ پروفیشنل صحافت کر رہے ہیں۔

سخت بیانات پر جان کے خطرے سے متعلق سوال پر مرکنڈے کاٹجو کا کہنا تھا کہ جب بندہ سچ بول ر ہا ہو تو جان کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آج لوگ ہماری بات کو نہیں مان رہے تو کل ضرور مانیں گے اور بھارت میں بھی اب جنگ مخالف بیانات سامنے آ رہے ہیں۔

Comments are closed.