رنگارنگ تقریب کے بعد پہلے میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوئٹہ کیخلاف بیٹنگ

فوٹو : پی ایس ایل

کراچی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)نیشنل اسٹیڈیم میں رنگارنگ تقریب کے بعد پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز  ہو گیا، پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو  پہلے بیٹنگ دینے کا فیصلہ کیا ۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سےہوا، نیشنل اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔

اس موقع پر اسٹیڈیم میں موجود بڑی اسکرینز پر ایک ویڈیو چلائی گئی جس میں پاکستان کے تمام صوبوں اور اہم شہروں کی خوبصورت طریقے سے منظر کشی کی گئی تھی علاقائی موسیقی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال اپنے سفر کا اختتام پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل کے انعقاد کے ساتھ کیا تھا اور آج اس سفر کا دوبارہ آغاز پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018 کے ایونٹ کا فائنل کراچی میں ہوا جس کے بعد 2019 کے ایڈیشن کے تمام میچز کراچی میں منعقد ہوئے جس کا کریڈٹ کراچی کے عوام کو جاتا ہے، میزبانی دینے پر پی سی بی کا شکر گزار ہوں۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ 17مارچ2019 کو ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم پورا سال ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان میں منعقد ہو گا اور وہ وعدہ ہم نے آج پورا کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کراچی اور لاہور کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچز کا انعقاد ہو گا اور ہماری کوشش ہو گی کہ اگلے سال پشاور میں بھی میچز کا انعقاد کرائیں.

انہوں نے پاکستانی عوام، شائقین کرکٹ، اسپانسرز، کرشل پارٹنرز اور میڈیا پارٹنرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی مدد سے پاکستان سپر لیگ ملک کا سب سے بڑا کھیلوں کا برانڈ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان، صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ کی حکومتوں کی مدد کے بغیر پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد ناممکن ہوتا اور میں خصوصی طور پر سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی حکومت کا بھی مشکور ہوں۔

احسان مانی نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف تمام غیرملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور امید ظاہر کرتا ہوں کہ آپ خوشگوار یادوں کے ساتھ اپنے ملکوں کو واپس لوٹیں گے اور امید ہے کہ ہم اگلے سال پھر آپ کا استقبال کریں گے۔

تقاریر کے بعد صنم ماروی،سوچ بینڈ اور فرید ایاز قوال نے تقریب میں صوفیانہ کلام پیش کیا جس کے بعد سجاد علی اور آئمہ بیگ نے فن کے جوہر دکھائے جبکہ ابرار الحق نے بھی اپنے روایتی انداز سے شائقین کو خوب محظوظ کیا

تقریب میں راحت فتح علی خان کے بعد اختتامی لمحات میں عارف لوہار، عاصم اظہر ، ہارون اور علی عظمت نے پی ایس ایل کے آفیشل گانے ‘تیار ہیں’ پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں 10لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی اور فاتح ٹیم کو 5لاکھ ڈالرز بطور انعام دیے جائیں گے۔

سرفراز احمد نے ٹاس جیتنے کے اسلام آباد کو بیٹنگ کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ کوشش کریں گے ان کو کم سکور پر محدود کریں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کوئٹہ کو 180 رنز کا ہدف دینے کی خواہش کا اظہار کیا.

Comments are closed.