دیہاڑی دار مزدور قتل، لاش آگ کی بھٹی میں جلادی گئی

فوٹو :فائل

ہری پور(یاورحیات)ہری پور میں قتل کی لرزہ خیز واردات سے انسانیت بھی لرزگئی، بیکری مالک نےدیہاڑی دار مزدور کو مبینہ طور پر قتل کے بعد لاش کو آگ کی بھٹی میں جلادیا گیا.

کھلابٹ ٹاؤن شپ کے داڑی چوک میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں ظالم بیکری مالک نے مبینہ طور پر غریب دیہاڑی دار مزدور کو بھٹی میں جلا کر بھسم کر دیا.

مقامی پولیس نے رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بھٹی سے ہڈیوں پر مشتمل جلی ہوئی نعش برآمد کر لی جس کے بعد بیکری کے مالک سفیر کو گرفتارکرلیاگیا ہے.

42 سالہ مقتول جاوید عرف کوچی ولد سید آغا سکنہ کیمپ نمبر 5 کھلابٹ ٹاؤن شپ داڑی چوک میں کباڑ کا کام کرتا تھا اور اتوار کی شام سے لاپتہ تھا.

مقتول مزدور

اس کی گمشدگی کی اطلاع مقامی پولیس اسٹیشن سمیت سوشل میڈیا پر بھی مشتہر کی گئی تھی تاہم پولیس نے بیکری مالک سے تفتیش کی تو واقعات کھل کر سامنے آگئے.

معلوم ہوا ہے کہ اس واقعہ میں کچھ اور لوگ بھی ملوث پائے جاتے ہیں جن پر پولیس اپنا ہاتھ ڈالنے کیلئے کاروائی کر رہی ہے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قرب و جوار میں کہرام مچ گیا.

عوامی سطح پر اس واقعہ پر شدید رد عمل کا اظہار دیکھا جا رہا ہے پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں جس کے بعد مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے.

پولیس ذرائع کے مطابق معمولی تلخ کلامی پر ملزم نے مقتول کوپہلے قتل کیا اور بعد ازاں آگ کی بھٹی میں جلادیا تاکہ مقتول کی لاش برآمد نہ ہوسکے، پولیس تفتیش کر رہی ہے.

Comments are closed.