بی جے پی رہنما کی مسلمانوں بارے زہریلی ذہنیت پرفیاض الحسن کاجواب

ویب ڈیسک

لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو بی جے پی رہنما سوامی سبرامنین کے بیان پر فوری ایکشن لینا چاہیے،  سبرمینین سوامی نےانڈیا میں بسنے والے 20 کروڑ مسلمانوں کو بھارت کے لیے خطرہ قرار دیا۔

بھارتی ہندو رہنما کے بیان پر ردعمل میں فیاض الحسن چوہان نے کہا بھارتی ہٹلر کی زہریلی ذہنیت سامنے آ گئی۔ وزیرِاعظم عمران خان کئی ماہ سے دنیا کو خطے کے ہٹلر سے خبردار کر رہے ہیں، اقوام متحدہ کو فوری ایکشن لینا چاہیے۔

صوبائی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ میں بطور ترجمان سردار عثمان بزدار بی جے پی کے سوامی سبرمینین کے بیان کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔ سبرمینین سوامی نے 20 کروڑ مسلمانوں کو بھارت کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سبرمینین سوامی کہتے ہیں کہ 20 کروڑ مسلمان کسی بھی ملک کے لیے زہر قاتل ہیں۔ میں سمجھتا ہوں بھارتی ہٹلر کی زہریلی ذہنیت کی بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے دنیا کیلئے حقیقی خطرہ وہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم عمران خان کئی ماہ سے دنیا کو اس خطے کے ہٹلر سے خبردار کر رہے ہیں۔ نریندر مودی کی پارٹی بی جے پی اور آر ایس ایس جرمن نازیوں کے یہودیوں کے ساتھ ظلم کو بھارت میں دہرا رہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں نریندر مودی کی انتہا پسندانہ اقدامات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری ایکشن لیں۔

Comments are closed.