بلاول کاسینیٹ الیکشن لڑنے،اسمبلیوں میں مقابلہ کرنیکااعلان

کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے ساتھ ہی قومی و پنجاب اسمبلی میں حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کی تجویز بھی پیش کردی۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 31 جنوری تک تمام ارکان اسمبلی کے استعفی پارٹی قائدین کے پاس جمع ہوجائیں گے.

انھوں نے کہا کہ باضابطہ استعفے کب دینے ہیں یہ پی ڈی ایم طے کرے گی حکومت سے کسی بھی قسم کے مذاکرات کا امکان ایک بار پھر رد کردیا اور کہا کہ حکومت کے جانے اور وزیراعظم کے کرسی چھوڑنے تک کسی قسم کی بات نہیں ہوگی.

انہوں ںے کہا کہ ہماری سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے طے کیا ہے کہ پی ڈی ایم کی آل پارٹیز کانفرنس کے لائحہ عمل پر چلتے ہوئے اے، بی اور سی ایکشن پلانز پر عمل کرنا چاہیے، پیپلز پارٹی کو حکومت کو ہر فورم پر چیلنج کرنا چاہیے.

یہ بھی کہ پورے پی ڈی ایم اور اپوزیشن جماعتوں کو ہر فورم پر ہر ہتھیار کے ساتھ لڑنا چاہیے، کمیٹی سمجھتی ہے کہ ناجائز حکومت کو عدالتوں اور پارلیمان میں بھی چیلنج کرنا چاہیے جس کے لیے پنجاب اور نیشنل اسمبلی میں چیلنج کرنا چاہیے اور ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہم مل کر سیینٹ الیکشن میں بھی حکومت کا مقابلہ کریں گے، پی ڈی ایم اگر مل کر سینیٹ الیکشن لڑے تو زیادہ بہتر ہوگا، جب بھی پی ڈی ایم کا اجلاس ہوگا ہم اپنی کمیٹی کی تجاویز ان کے سامنے پیش کریں گے، کمیٹی صاف و شفاف الیکشن کا مطالبہ کرتی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہماری کمیٹی سمجھتی ہے کہ ملک بھر میں کئی جگہ مردم شماری درست ظاہر نہیں کی گئی، اس پر فاٹا میں بھی اعتراضات اٹھائے گئے، ہم نے صرف جمہوری عمل چلنے اور مردم شماری نتائج ری چیک کے لیے حکومت کو وقت دیا، ہم کل بھی اس کے خلاف تھے اور آج بھی اس کے خلاف ہیں.

انھوں نے کہا کہ ہم مردم شماری پر اعتراض کرنے والے حکومتی اتحادی سے بھی رابطہ کریں گے ، مردم شماری پورے پاکستان کا ایشو ہے جب تک مردم شماری درست نہیں ہوگی عوام کو ان کا حق نہیں ملے گا، دھاندلی بھی اسی مردم شماری کی بنیاد پر کی گئی۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اب خود مختلف جماعتوں اور طبقات سے رابطہ کریں گے جنہیں اس حکومت کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے جیسا کہ اسٹیل مل، پی آئی اے ملازمین، کسان، مزدور کے ساتھ اور کراچی کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے یہ عوامی ایشوز ہمارے ایشوز ہیں۔

Comments are closed.