بالاکوٹ کوئی ہلاکت نہیں ہوئی،کارروائی محض وارننگ تھی، بھارتی وزیر


نئی دہلی(ویب ڈیسک )بھارت کے وزیر نے انتہا پسند میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ پاکستان میں فضائی کارروائی سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔

بھارت کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پرزور مطالبہ کیا جارہا تھا کہ اگر پاکستان میں کارروائی کے دوران 300 دہشت گرد مارے گئے ہیں تو اس کے ثبوت کہاں ہیں، کارروائی کی ویڈیو یا تصاویر کیوں جاری نہیں کی جارہی ہیں؟

بھارتی وزیر سرندراجیت سنگھ اہلووالیہ نے تسلیم کیا کہ پاکستان میں بھارتی فضائیہ کی کارروائی محض وارننگ تھی تاہم پاکستان میں بڑا نقصان نہیں ہوا۔

بھارتی وزیر نے انتہا پسند میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب کرتے ہوئے کہا کیا نریندر مودی نے 300 افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا؟، اور کیا بی جے پی کے ترجمان نے ایسا کچھ کہا۔

اس سے قبل کانگریس کے اہم رہنما ڈگ وجے سنگھ نے مودی حکومت سے بالاکوٹ حملے کے تصویری شواہد دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کو مبارکباد دیتے ہیں جنہوں نے اچھا ہمسایہ ہونے کا نیا راستہ دکھایا.

پائلٹ کو واپس بھیجنے کے اقدام پر بھارتی ایوان بالا کے رکن نے وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔بھارت میں ارکان پارلیمنٹ، تعلیمی ماہرین ،عدلیہ سے وابستہ لوگ اور تعلیم یافتہ حلقے عمران خان کے کردار کی تعر یفیں کر رہے ہیں۔

Comments are closed.