این اے249، حتمی نتائج روک دیئے گئے، دوبارہ گنتی کی درخواست منظور

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈا ٹ کام)الیکشن کمیشن نے این اے249کے حتمی نتائج روک لئے ہیں مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی طرف سے کراچی کے حلقہ این اے249میں دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کرلی ہے۔

الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالقادر مندوخیل کی کامیابی کے حتمی نتائج روکتے ہوئے مفتاح اسماعیل کی درخواست 4 مئی کو سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی طرف سے دوبارہ گنتی کے مطالبے کے بعد مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر سے این اے 249میں دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی۔

مفتاح اسماعیل نے قومی اسمبلی کے حلقے 249 کے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی مکمل گنتی دوبارہ کرانے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا تھاجس میں دوبارہ گنتی کرانے کا مطالبہ کیاگیا تھا۔

خط میں مفتاح اسماعیل نے موقف اختیار کیاتھا کہ 34 پولنگ اسٹیشنوں سے پریزائیڈنگ افسروں نے نتیجہ واٹس ایپ نہیں کیا، یہ بھی
کہ ہمیں 30 سے زائد پولنگ اسٹیشنز سے رزلٹ موصول نہیں ہوئے۔

خط میں بعض پریزائیڈنگ افسران کے رویہ پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا، انہوں نے خط میں کہا کہ کئی فارم 45 پر دستخط نہیں تھے، آپ سے درخواست ہے کہ ووٹوں کی مکمل گنتی دوبارہ کرائی جائے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ آر او قانون پر عمل کرتے ہوئے اس کم فرق کے باوجود ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی ہدایت نہیں دے رہا،ہمارے پاس فارم 45 پر ووٹوں کی گنتی آر او کی جانب سے دیئے گئے فارمز سے مختلف ہے۔

Comments are closed.