افغان صدر نے 1500 طالبان کی مشروط رہائی کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک

کابل: امریکہ اور طالبان معاہدہ کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے طالبان قیدیوں کی رہائی کی مشروط منظوری دے دی۔

اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے امریکا طالبان امن معاہدے کے تحت 1500 طالبان کی رہائی کے صدارتی فرمان پر دستخط کردیے ہیں۔

صدارتی فرمان کے مطابق رہا ہونے والے طالبان جنگجوؤں کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا کہ وہ دوبارہ ہتھیار نہیں اٹھائیں گے اور میدان جنگ میں واپس نہیں آئیں گے۔

صدارتی ترجمان صدیق صدیقی کے ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ افغان امن عمل کے تحت طالبان اور افغان حکومت کے درمیان بین الافغان مذاکرات شروع کرنے کے لیے ان قیدیوں کو رہا کرنے کی منظوری دے دی اور 4 روز میں اس عمل کا آغاز کردیا جائے گا۔
معاہدہ کے مطابق افغان حکومت نے طالبان کے 5000 قیدیوں کو رہا کرنا ہے اور اپنے قیدیوں کی رہائی کے بدلے میں طالبان بھی افغان سیکیورٹی فورسز کے ایک ہزار اہلکاروں کو رہا کریں گے۔

امریکا اور طالبان کے درمیان قطر میں ہونے والے تاریخی امن معاہدے کے بعد امریکا نے بھی افغانستان سے اپنے فوجیوں کا انخلاء شروع کردیا ہے۔

Comments are closed.