افغانستان کی ٹیسٹ میں پہلی جیت، آئرلینڈکو7وکٹوں سے ہرادیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے انڈیا کے شہر دہرہ دون میں آئرلینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔

اس میچ میں افغانستان کے بیٹسمین رحمت شاہ نے کلیدی کردار ادا کیا اور انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس پہلی اور تاریخی جیت میں وہ پہلی اننگز میں سنچری نہ بنا سکے اور 98 رنز پر آؤٹ ہوگئے جبکہ دوسری اننگز میں بھی انھوں نے نصف سنچری سکور کی۔

افغانستان کے سٹار بولر راشد خان نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ مجموعی طور پر سات وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی کامیابی اپنے دوسرے ہی میچ میں حاصل ہوئی لیکن انھیں اس کے لیے 277 دن انتظار کرنا پڑا کیونکہ انھیں ٹیسٹ کھیلنے کا زیادہ موقع حاصل نہیں ہوتا۔

آئر لینڈ کا بھی یہ دوسرا میچ تھا۔ آئر لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ان کی پوری ٹیم پہلے ہی دن 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے جواب میں افغانستان نے 314 رنز بنائے اور 142 رنز کی سبقت حاصل کر لی۔

دوسری اننگز میں آئر لینڈ نے بالبرنی اور اوبرائن کی نصف سنچریوں کی بدولت 288 رنز بنائے اور جیت کے لیے 147 رنز کا ہدف دیا جسے افغانستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر رحمت شاہ اور احسان اللہ کی نصف سنچریوں کی بدولت بہ آسانی حاصل کر لیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے بعد افغانستان تیسری ٹیم ہے جس نے اپنے دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ٹیسٹ میچز کی تاریخ میں آسٹریلیا وہ واحد ٹیم ہے جس نے اپنے پہلے ہی میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔

Comments are closed.