چین میں کورونا کی واپسی، پورے ووہان شہر کے دوبارہ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک

اسلام آبادِ:چین کے جس شہر ووہان سے کورونا وائرس پھیلا تھا اور وہاں قابو پانے کااعلان ہوا تھا وہاں دوبارہ کورونا کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد چینی حکومت نے شہر کی تمام آبادی کا کورونا ٹیسٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی سرکاری میڈیا نے ووہان میں لاک ڈاؤن اٹھانے کے بعد گزشتہ روز پھر سے کورونا کے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد چینی حکومت نے ایک کروڑ 10 لاکھ افراد پر مشتمل ووہان سٹی کے مکمل ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹیسٹ کرانے کاحکم ووہان کے محکمہ انسداد وائرس کی جانب سے ایک دستاویز کے ذریعے جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق حکام کو شہر کے تمام علاقوں میں ٹیسٹ کا منصوبہ پیش کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

حکمنامے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام افراد 10 دن میں کس طرح کورونا ٹیسٹ کے لیے تیار ہوں گے،ووہان محکمہ انسداد وائرس کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 ٹیسٹ کے لیے سب سے پہلے پسماندہ اور چھوٹے علاقوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

یاد رہے چین نے 3 ماہ سے زائد سخت لاک ڈاؤن کے بعد ووہان اور دیگر شہروں کو کورونا سے تقریباً پاک کردیا تھا اور 3 اپریل کے بعد ووہان میں کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا تھا جب کہ 8 اپریل کو ملک بھر میں لاک ڈاؤن بھی ختم کردیا گیا تھا۔

چین میں کورونا وائرس کے حوالے سے گزشتہ روز برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ووہان میں وائرس دوبارہ سر اٹھارہا ہے اور وہاں 5 نئے کیسز سامنے آئے جو کہ تمام کیسز مقامی تھے۔

Comments are closed.