فرنٹیئر کانسٹیبلری کو وفاقی فورس کا درجہ مل گیا،صدر مملکت نے آرڈیننس پر دستخط کردیئے

فوٹو:فائل
اسلام آباد: صدرمملکت آصف علی زرداری نے فرنٹیئر کانسٹیبلری ری آرگنائزیشن آرڈیننس 2025 جاری کر دیا ہے، جس کے تحت فرنٹیئر کانسٹیبلری کو ملک گیر وفاقی فورس میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
صدر مملکت کی جانب سے آرڈیننس جاری ہونے کے بعد اب یہ فورس فیڈرل کانسٹیبلری کہلائے گی، جس کا دائرہ کار چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک بڑھا دیا گیا ہے۔
آرڈیننس کے تحت ایف سی ایکٹ 1915 میں اہم ترامیم کی گئی ہیں، نئے قانون کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری کے انسپکٹر جنرل کا تقرر وفاقی حکومت کرے گی جبکہ فورس کے ہر ڈویڑن میں ایک ونگ کمانڈر تعینات کیا جائے گا، جس کا رینک ڈپٹی انسپکٹر جنرل کے برابر ہو گا۔
فیڈرل کانسٹیبلری کی تنظیم نو کے تحت فورس کو دو بڑے ڈویژنوں سکیورٹی ڈویڑن اور فیڈرل ریزرو ڈویژن میں تقسیم کیا جائے گا، اس فورس کی بنیادی ذمہ داریوں میں فسادات پر قابو پانا، داخلی سلامتی، انسداد دہشت گردی اور اہم شخصیات یا مقامات کا تحفظ شامل ہوگا۔
آرڈیننس کے مطابق ملک بھر میں فیڈرل کانسٹیبلری کی بھرتیوں کے لیے دفاتر قائم کیے جائیں گے جبکہ کمانڈ کی ذمہ داری پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کے سپرد ہو گی، وفاقی حکومت قانون و انصاف کی بہتری اور امن و امان کی بحالی کے لیے وفاقی ریزرو فورس بھی بھرتی کر سکے گی۔

Comments are closed.