چوہدری برادران نے بلاول بھٹو کو لال جھنڈی دکھادی

لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام ) چوہدری برادران نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے حمایت مانگنے آنے والے چیئرمین پیپلز پارٹی کو ، ٹکا ، کر جواب دے دیا ، چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہٰی نے بلاول بھٹو کو دو ٹوک الفاظ میں کہا ہم حکومتی اتحادی اور حکومت کے ساتھ ہیں۔

ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں پیپلز پارٹی کے ایجنڈا میں شامل ہیں ، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز سے ملاقات بھی اسی سلسلہ کی کڑی تھی کیو نکہ مریم نواز اسمبلی میں موجود نہیں ہیں اور پنجاب اسمبلی میں تبدیلی کیلئے حمزہ شہباز بہتر چوائس ہیں۔

پنجاب میں سینیٹ امیدواروں کے بلا مقابلہ انتخاب میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کے کردار اور میڈیا میں چوہدری برادران کی حکومت سے دوریوں کی ٹیبل سٹوریز کے بعد بلاول بھٹو زرداری کو یقین تھا کہ ق لیگ کی طرف سے انھیں گرین سگنل ملے گا۔

اسی لئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے پنجاب کی سیاسی ٹیم کے ہمراہ لیگی قیادت کیساتھ ملاقات کی، جس میں چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہٰی، طارق بشیر چیمہ، مونس الہٰی، سالک حسین اور حسین الہٰی نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال پر مشاورت جبکہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر بھی بات چیت کی گئی،ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے بلاول بھٹو زرداری نے چودھری شجاعت حسین سے تعاون مانگا۔

اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے پارٹی موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے گھر آئے، آپ کی عزت کرتے ہیں، تاہم ہم حکومت کے اتحادی ہیں، سینیٹ میں بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم اپنے وعدوں سے انحراف کو اچھا نہیں سمجھتے ہیں ۔

انہوں نے بلاول بھٹو پر واضح کیا کہ یہ ہمارا شیوہ نہیں کہ کسی سے ایسا وعدہ کریں جو ہمارے اصولوں کے خلاف ہو۔ بلاول بھٹو پہلی بار چودھری برداران کے گھر آئے، بینظیر بھٹو کا بیٹا ہمارے گھر آیا ہے، اس سے احترام کا باہمی رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔

چودھری شجاعت نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر (ق) لیگ کی پالیسی بتاتے ہوئے ان پر واضح کیا کہ ہم حکومتی اتحادی ہیں، انھیں تعاون کی یقین دہانی کرا چکے ہیں اس لئے آپ کو جھوٹی امیددلانا نہیں چاہتے۔

ذرائع کے مطابق اس دوران پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے پنجاب میں نئی صف بندی کا موضوع بھی چھیڑا لیکن ان کی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی اور ان امیدوں نے دم توڑ دیا کہ پی ٹی ایم پنجاب میں تبدیلی کیلئے ق لیگ کو ساتھ ملا سکتی ہے۔

Comments are closed.