ن لیگ 2صوبائی نشتیں جیت گئی، قومی اسمبلی پر پی ٹی آئی کی فتح


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے صوبائی اسمبلی کی 2نشتیں جیت لیں ، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے45کرم میں تحریک انصاف کا امیدوار آگے ہے جب کہ این اے75ڈسکہ میں نتیجہ روک دیا گیا ہے ۔

جمہ کوپنجاب اور خیبر پختونخوا میں صوبائی اسمبلی کی دو اور قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے نوشہرہ میں حکمران جماعت تحریک انصاف کو نوشہرہ میں شکست دے کر سب کو حیران کردیا ۔

پی کے 63 نوشہرہ کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے اختیار ولی 21 ہزار 112 ووٹ لے کامیاب ہوئے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار میاں عمر کاکا خیل 17 ہزار 23 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پی پی 51 وزیرآباد کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی امیدواربیگم طلعت شوکت نے 53 ہزار 903 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ، تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری محمد یوسف 48 ہزار 484 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔

ڈسکہ میں قومی اسمبلی کی نشست پر رات گئے تک نتائج مکمل نہیں ہوسکے تاہم مسلم لیگ ( ن) کی امید وار سیدہ نوشین افتخار آگے ہیں۔ تحریک انصاف کے امیدوارعلی اسجد ملہی سے کانٹے کا مقابلہ ہے اور ابھی 14سے زائد پولنگ سٹیشنز کے نتائج مکمل نہیں ہوئے۔

ادھر این اے 45 کرم میں غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار فخر زمان جیت گئے ، آزاد امیدوار دوسرے اور جے یو آئی کے جمیل خان تیسرے نمبر پر رہے۔

این اے 75 ڈسکہ میں جمعہ کو دن بھر صورت حال کشیدہ رہی اور گوئند کے پولنگ سٹیشن پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جب کہ کچھ زخمی ہوئے ۔

نجی ٹی وی چینلز نے این اے 75 ڈ سکہ کے ریٹرننگ افسر کے حوالے سے بتایا کہ ابھی چودہ پولنگ سٹیشن کے نتائج ملنا باقی ہیں۔ دھند کے باعث عملے کو پہنچنے میں مشکلات ہیں۔

Comments are closed.