وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے استعفیٰ دے دیا، عون چوہدری مشیرکے عہدے سےبرطرف

لاہور(ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جب کہ عون چوہدری کو مشیرکے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے مختلف امور پر تحفظات کےسبب اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ کو پیش کیا ہے جبکہ عون چوہدری کو انتظامی امور بہتر بنانے کے لیے انہیں ان کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شہباز گل کو صوبے میں گورننس اور پولیس کے نظام پر قیادت سے تحفظات تھے ، جس کے سبب انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے، ان کی جگہ ابھی تک کسی کا نام وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان کے طور پر سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ کے مشیرعون چوہدری کی جگہ آصف محمود کو وزیراعلیٰ کا مشیر مقرر کردیا گیا ہے، آصف محمود پنجاب ہارٹی کلچر اورٹورازم سے متعلق امور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاونت کریں گے۔

تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی ملک اسدکھوکھرکوکابینہ میں شامل کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ملک اسدکھوکھرپی پی 168 سےایم پی اےمنتخب ہوئے تھے اور ان کےقلمدان کافیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں بلدیات کی منسٹری دی جاسکتی ہے۔

وزیر اعلیٰ کےمستعفی ہونے والے ترجمان شہباز گل لیڈر شپ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کے حامل ہیں اور کئی انگریزی روزناموں کے لیے لکھتے ہیں ، اس کے علاوہ تدریس کے سلسلے سے بھی وابستہ ہیں۔

شہباز گل کی جانب سے 11 ستمبر کو کی جانے والی پریس کانفرنس نے معاملے کو مزید گھمبیر کیا، انہوں نے پریس کانفرنس میں صوبائی وزراء اور پارٹی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ متعدد صوبائی وزراء، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو شہباز گل کی مداخلت کی شکایت کرچکے تھے۔

Comments are closed.