عمرہ ادا نہ کرنے والوں کے لیے ’مطاف‘ کھولنے کی اجازت

فوٹو:اے ایف پی

مکہ مکرمہ(زمینی حقائق ڈاٹ کام) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہفتے کی صبح سے عمرہ ادا نہ کرنے والوں کے لیے ’مطاف‘ کھولنے کی اجازت دینے کا شاہی فرمان جاری کر دیا ہے۔

سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے تیار کردہ منصوبے کے مطابق عمرہ ادا نہ کرنے والوں کے لیے مطاف کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے احتیاطی طریقہ کار اور مسجد الحرام کے کارکنوں کے ساتھ تعاون پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی قیادت شہریوں اور تارکین وطن کی سلامتی، تحفظ، آرام اور سکون کی خواہاں ہے۔

اس حوالے سے سعودی اخبار ارود نیوز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اخبار 24 کے مطابق قبل ازیں العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عمرے پر عارضی پابندی برقرار رکھتے ہوئے خانہ کعبہ کے طواف سے متعلق نئی ہدایات جاری کی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ ’شاہی ہدایت یہ ہے کہ ’مطاف‘ کو محدود پیمانے پر مرحلہ وار کھول دیا جائے۔ یہ اجازت ان لوگوں کے لیے ہے جو عمرے کی غرض سے مسجد الحرام نہ آئے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’عمرے پر پابندی کا فیصلہ اسلامی اور انسانی تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ یہ حکیمانہ فیصلہ ہے۔ اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف کا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ زائرین کو نئے کورونا وائرس کے مہلک اثرات سے بچانے کی خاطر بند کیا گیا۔

ایس پی اے کے مطابق انتظامیہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے دونوں مقدس مساجد کی مسلسل صفائی اورفرض نمازوں سے خارج اوقات میں انہیں جراثیم سے پاک صاف رکھنے کی ضرورت کے پیش نظر کیا گیا۔

انتظامیہ کے عہدیدار نے مزید بتایا تھا کہ جب تک عمرہ بند رہے گا تب تک خانہ کعبہ کے اطراف طواف والا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ بھی بند رکھا جائے گا۔ عمرے پر پابندی کے دوران نمازیں صرف مسجد کے اندر ہوں گی۔

انھوں نے واضح کیا کہ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے عمرے پر پابندی کا فیصلہ مکہ مکرمہ شہر کے تمام باشندوں پربھی لاگو ہوگا۔ کسی بھی احرام پوش کو مسجد الحرام اور اس کے اطراف صحنوں میں داخل ہونے کی اجازت  نہیں دی جائے گی۔

Comments are closed.