سعودی شاہی خاندان کے 150 افراد کورونا کا شکار، شاہ سلمان قرنطینہ میں

فوٹو : فائل

الریاض:سعودی عرب کے شاہی خاندان کے تقریباً 150 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں اور گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر کورونا کا شکار ہو کر انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل ہیں۔

اس حوالے سےامریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ فہد اسپتال میں وی آئی پیز کے لیے 500 بستر تیار کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں.

رپورٹ کے مطابق اسپتال کے ڈاکٹرز کو ہائی الرٹ کا پیغام دے دیا گیا ہےسعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے وائرس سے بچاؤ کے لیے تنہائی اختیار کرلی ہے۔

یاد رہے سعودی عرب میں کورونا سے 2 ہزار 932 افراد متاثر ہیں اور اب تک 41 سے زائد افراد کا انتقال ہوچکا ہے سعودی دارلحکومت ریاض سمیت کئی شہروں میں کرفیو اور لاک ڈاؤن اور مقدس مقامات بھی بند کئے گئے ہیں.

برطانوی وزیراعظم وارڈ میں منتقل

دوسری طرف کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن کو طبیعت بہتر ہونے پر انتہائی نگہداشت یونٹ سے واپس وارڈ میں شفٹ کردیا گیا ہے۔ تاہم اب بھی ان کا سخت نگرانی میں علاج جاری ہے۔

وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹرز بورس جانسن کی طبیعت سے متعلق سخت مانیٹرنگ کریں گے کیونکہ وہ صحت یابی کے ابتدائی مراحل میں ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی برطانوی وزیر اعظم کی صحت یابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے بورس جانسن کو تیز بخار اور کھانسی کی شکایت پر گزشتہ اتوار کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ جس کے بعد طبیعت مزید خراب ہونے پر انہیں پیر کو آئی سی یو میں شفٹ کردیا گیا تھا۔ 55 سالہ برطانوی وزیر اعظم کا 2 ہفتے قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

Comments are closed.