زمبابوے پاکستان کے اوسان خطا کرکے ہمت ہار گیا

فوٹو: پی سی بی

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)زمبابوے کی ٹیم پاکستانی ینگ الیون کے اوسان خطا کرنے کے بعد آخری مرحلے میں ہمت ہا ر کر 26رنز سے شکست کھا گئے، شاہین شاہ آفریدی نے 5کھلاڑی آوٹ کئے۔

پنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اورپاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا تھا جواب میں زمبابوے کی ٹیم 255 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنے تو عابد علی ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

کپتان بابر اعظم بھی 19 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے جب کہ امام الحق 58 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے،محمد رضوان اور افتخار احمد بھی بالترتیب 14 اور 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

حارث سہیل نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز کھیلی،فہیم اشرف اور عماد وسیم کی جانب سے آخری اوورز میں برق رفتار اننگز کھیلی گئی۔

دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 23 اور 34 رنز جوڑے جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔

زمبابوے نے ہدف کے تعاقب میں شاندار کھیل پیش کیا تاہم آخری چند اوورز میں اچھا کھیل پیش نہ کرسکے ،زمبابوے کی جانب سے کریک اروائن 41، برینڈن ٹیلر 112 اور ویسلی مادھیویرے نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5 اور وہاب ریاض نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم کے حصے میں ایک وکٹ آئی

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5 اور وہاب ریاض نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ ون ڈے میچز میں یہ پاکستان کی مسلسل ساتویں فتح ہے،دوسرا میچ یکم نومبر کو کھیلا جائے گا۔

Comments are closed.