تحریک لبیک کے لاہور سمیت ملک بھر میں دھرنےواحتجاج ختم

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)کالعدم تحریک لبیک پاکستان نے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش ہونے پر لاہور میں مسجد رحمت اللعالمین کے باہر دھرنا ختم کر نے کا اعلان کر دیاہے۔

لاہور میں سربراہ مذاکراتی کمیٹی تحریک لبیک پاکستان علامہ شفیق امینی نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا، تحریک لبیک شوریٰ کے دیگر ممبران بھی موقع پر موجود تھے۔

ٹی ایل پی کے اعلان کے ساتھ ہی دھرنے کے مقام پر دونوں اطراف کی سڑکیں کھول دی گئیں، کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان منتشر ہوگئے اور ٹریفک چل پڑی۔

اس موقع پر شفیق امینی کا کہنا تھا کہ حکومت نے قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کرکے اپنا وعدہ پورا کیا ، قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد پر بحث بھی کی گئی.

انھوں نے کہا کہ حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیا اور ہم اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے احتجاج اور دھرنے ختم کررہے ہیں ہمارے اہم مطالبے پر عمل ہو چکا ہے، دھرنا ختم کر دیا گیا، مرکزی دھرنے سمیت ہر جگہ پر احتجاج ختم کر دیاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگرمعاملات پر بھی مثبت پیش رفت ہو رہی ہے ، قائدین تمام معاملات کو دیکھ رہے ہیں،کارکن پر امن رہیں، سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دوسری طرف وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمارا تحریک لبیک سے معاہدہ مکمل ہوگیا، ہم نے قرارداد ایوان میں پیش کرنے کی بات کی تھی وہ پوری ہو گئی۔

Comments are closed.