الیکشن کمیشن کا2سال بعد آرٹی ایس ناکامی کی انکوائری کا فیصلہ

فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان کے الیکشن کمیشن کوتقریباً 2سال بعد انتخابی نتائج دینے والے آرٹی ایس کی ناکامی کا خیال آگیا ، چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات 2018 میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کی ناکامی کی انکوائری کا فیصلہ کرلیا۔

یہ فیصلہ الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، ارکان، افسران اور چیئرمین نادرا نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ چیئرمین نادرا نے عام انتخابات 2018 کے دوران نتائج کے ترسیلی نظام آر ٹی ایس پر بریفنگ دی ہے جس میں قانونی اور تکنیکی نکات بھی شامل تھے۔

الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس کی ناکامی پر سخت ناگواری کا اظہار کیا اور اس دوران چیف الیکشن کمشنر نے آر ٹی ایس کی ناکامی پر انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری کی جائے کہ آر ٹی ایس کیوں اور کیسے ناکام ہوا تھا؟

یادرہے انتخابات2018میں کئی گھنٹے انتخابی نتائج رکے رہے او ر پھر تاخیر سے نتائج کااعلان ہونا شروع ہوا جس پر تمام ہی سیاسی جماعتوں نے تحفظات کااظہار کیا تھا اور پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے اسی وقت تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

Comments are closed.