یواین اجلاس سے قبل فوج کو بدنام کرنا سازش ہے، وزیراعظم

فوٹو: فائل

اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ایک بار پھر بھارتی ایجنڈے کو پروموٹ کیا ہے اور یو این اجلاس سے پہلے پاک فوج کو بدنام کرنا بھارتی سازش کا حصہ ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں حکومتی نقطہ نظر پر پارٹی ترجمانون اور وزراء کو آگاہ کیا گیااجلاس میں اپوزیشن کی اے پی سی، قرارداد اور ملکی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی اے پی سی ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش تھی، پاکستانی فوج قومی سلامتی کی ضامن ہے، بیرون ملک ایک پوری لابی پاک فوج کے خلاف سرگرم عمل ہے، ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش ناکام بنائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا نواز شریف کی تقریر مجھے کیوں نکالا کا پارٹ ٹو تھی، تقریر کے ذریعے ان کی اصلیت پوری قوم کے سامنے آئی، احتساب کا عمل جاری رہے گا، نہ پہلے بلیک میل ہوئے نہ اب ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں حکومت اور اداروں کے خلاف بیان بازی بھارتی لابی کو خوش کرنے کی کوشش تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پارٹی ترجمانوں اور وزراء سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی کے فیصلے سے کسی کو پریشانی نہیں، اے پی سی میں بیٹھے چہروں اور ان کے ذاتی مقاصد سے قوم آگاہ ہے۔

اجلاس میں حکومت نے اپوزیشن کی قرارداد پر بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو اس حوالے سے ٹاسک بھی سونپ دیا ہے،وفاقی وزراء شبلی فراز، اسد عمر اور فواد چوہدری آل پارٹیز کانفرنس کے بیانیے پر حکومتی نقطہ نظر پیش کریں گے۔

اس سے پہلے مشیر پارلیمانی امور بابراعوان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا اے پی سی میں پوری اپوزیشن قوم کے سامنے بے نقاب ہوئی، یہ نیب اور تحقیقاتی اداروں کو مطلوب افراد کی کانفرنس تھی، قومی ادارے قابل احترام ہیں۔

Comments are closed.