شاہ محمود قریشی، عمرسرفرازچیمہ اور محمودالرشید کی درخواست ضمانت خارج
فوٹو:فائل
لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، عمرسرفرازچیمہ اور محمودالرشید کی درخواست ضمانت خارج کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل میں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں شاہ محمود قریشی، سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ اور محمودالرشید کی ضمانت کی درخواستوں کو خارج کردیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ضمانتوں پر فیصلہ سنایا، عدالت نے تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ضمانتیں خارج کیں۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی 9 مئی کے کیس میں بریت کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی ودیگر کے خلاف 9 مئی کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے کی ، جس میں عدالت نے شاہ محمود قریشی کی طرف سے بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
دورانِ سماعت شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے اور موٴقف اختیار کیا کہ عدالت نے اس کیس میں کئی ملزمان کو بری کردیا ہے۔ عدالت نے ملزمان کو 8 مارچ 2025 کو اس کیس میں بری کیا۔
وکیل کے مطابق شاہ محمود قریشی پر الزام ہے کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی طرف سے ویڈیو پیغام پہ ان کی ایما پر توڑ پھوڑ کی۔
بعد ازاں عدالت نے بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج ہے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کیخلاف حقیقی آزادی مارچ کیس میں عمران خان کی عدم دستیابی کے باعث کیس میں پیشرفت نہیں ہوسکی اور عدالت نے ملزمان کی حاضری کے بعد کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
مقدمے کی سماعت میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
Comments are closed.