پاکستان سپر لیگ کا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ آغاز ہوگیا

دبئی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ باقاعدہ آغاز ہو گیا ۔

تقریب کے میزبان رمیض راجہ تھے ۔ جنون گروپ اور فواد خان سمیت دیگر فنکاروں نے پرفارم کیا۔پی ایس ایل 4 کی افتتاحی تقریب پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجکر 45 منٹ پر دبئی میں شروع ہوئی۔

تقریب میں عوام کی بڑی تعداد سمیت سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اور متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے تقریب سے خطاب میں کہا ایونت منعقد کرانے پر یو اے ای حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ دنیا کی بڑی لیگ ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے شائقین کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

چیئرمین پی سی بی نے ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کی جیت کے لیے نیک تمناوٴں کا اظہار بھی کیا۔جنون گروپ نے اپنا مشہور زمانہ ’اے جذبہ جنون‘ گا کر شائقین کے دلوں کو گرمایا اور خوب داد وصول کی۔

فواد خان نے پی ایس ایل کا تھیم سانگ ’چل جوش دکھا دے تو‘ گایا جب کہ آئمہ بیگ نے بھی اسٹیج پر پرفارم کیا۔اس موقع پر آتش بازی کا بھی شاندار مظاہر ہ کیا۔

تقریب میں شریک پی ایس ایل کی چھ ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھی مارچ پاسٹ کیا اس موقع پر سٹیڈم میں موجود شائقین نے تالیوں اور نعروں سے کھلاڑیوں کااستقبال کیا۔

Comments are closed.