پاکستان اور آہی ایم ایف کا معاشی اصلاحات پراتفاق

فوٹو: ٹوئٹر

دبئی(نیٹ نیوز)  وزیراعظم عمران خان سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ نے ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف کی سربراہ کو پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی اصلاحات کررہا ہے، آئی ایم ایف کے تعاون کو سراہتے ہیں۔

کرسٹین لیگارڈ نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے، پاکستان سےتعاون جاری رکھیں گے، پاکستانی معیشت میں استحکام معاشی اصلاحات اور فیصلہ کن پالیسیوں سے آئے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ سے ملاقات دبئی میں ہونے والی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اور بیل آؤٹ پیکج پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر  وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاکستان سے تعاون کو سراہتے ہیں اور حکومت پاکستان معشیت کے استحکام کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان معاشی اصلاحات کر رہی ہے اور حکومت ملک میں سماجی تحفظ کو فروغ دے گی۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ملاقات کے حوالے سے ٹوئٹ بھی کی اور کہا کہ آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات میں مکمل ہم آہنگی پائی گئی۔

آج کی ملاقات میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ کو معاشرے کے پسماندہ ترین طبقے کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے جامع ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی ضرورت کے حوالے سے اپنا ہم خیال پایا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں، اصلاحاتی عمل میں کم آمدن والوں کو تحفظ ملے گا۔

عالمی مالیاتی ادارے کے اعلامیے کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے اچھی اور تعمیری ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں حالیہ معاشی ترقی اور مستقبل کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جاری آئی ایم ایف پروگرام پر بات چیت کے تناظر میں گفتگو ہوئی جس میں ’میں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہے‘۔

آئی ایم ایف کی ایم ڈی کے مطابق فیصلہ کن پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کے مضبوط پیکج سے پاکستانی معیشت میں استحکام آئے گا، پاکستان کی حکومت درست سمت معاشی اقدامات کر رہی ہے اور معشیت کی بہتری کیلئے پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔

عالمی مالیاتی ادارے کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف معاشی اصلاحات پر متفق ہیں۔

Comments are closed.