وزیراعظم سے ترکی کے ڈرامہ ارطغرل کی ٹیم کی ملاقات

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان سے ترک ڈرامہ سیریل ارتغرل بنانے والی ٹیم نے کمال تیکدین کی سربراہی میں ملاقات کی ہے جس میں مشترکہ ڈرامہ سیریل بنانے کا فیصلہ کیا گیا.

اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی، ترکی اور پاکستانی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات موجود تھیں۔

ملاقات میں ترکی اور پاکستان کے تعاون سے تحریکِ خلافت کے برصغیر سے تعلق رکھنے والے مشہور کردار ترک لالہ پر مجوزہ ٹیلی ویژن سیریز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

شرکاء کو شہریار آفریدی نے ترک لالہ کے تحریک خلافت کے لیے اہم کردار اور ترکی میں ان کی اہمیت کے بارے آگاہ کیا ساتھ ہی پاکستانی نوجوان نسل کو اپنے تاریخی ہیروز سے آگاہی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

اس موقع پر کمال تیکدین نے وزیرِ اعظم کے پاکستان میں ترک ڈراموں کو نشر کرنے کے اقدام کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردگان کا ویژن ایک ہے.

انھوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے اس کی نوجوان نسل کو اپنی تاریخ اور اپنی ثقافت سے آگاہی نہایت ضروری ہےانہوں نے بتایا کہ ہر سال 30 جون کو ترکی میں ترک لالہ کے احترام میں ان کا قومی دن منایا جاتا ہے.

ترک لالہ پر بننے والی ٹیلی ویژن سیریز نہ صرف تحریکِ خلافت کے بارے نوجوانوں کو آگاہی دے گی بلکہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات میں نئے باب کا اضافہ کرے گی.

ترکی کی ٹیم پاکستان حکومت کے اس منصوبے میں تعاون سے انتہائی خوش ہے اور یہ ثقافتی میدان میں دونوں ملکوں میں مماثلت کو اجاگر کرکے لوگوں کے تعلقات مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

ترکش ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے 80 کی دہائی تک پوری دنیا میں اپنی پہچان آپ تھے، پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کو مقامی ثقافت کے فروغ کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے.

وہ اس لیے کہ مغرب سے مرعوب نوجوان نسل کو اپنی اصل ثقافت سے آگاہی دی جا سکے اور ایسی معاشرتی برائیوں سے بچایا جاسکے جس سے ہمسایہ ممالک کی نئی نسل مغربی مواد نشر ہونے کی وجہ سے دوچار ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری معیاری اور مقامی تخلیقات نشر کرے تو نہ صرف یہ ترقی کرے گی بلکہ یہ نوجوان نسل کو سطحی اور گلیمرائزڈ نشری مواد کا متبادل فراہم کرے گی جیسا کہ ارتغرل کے معاملے میں دیکھنے میں آیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ برصغیر میں مسلمانوں کا اقتدار سنہری دور تھا مگر افسوس کہ نوجوان نسل کو اس کے بارے معلوم نہیں، کوشش کی جائے کہ اس سنہری دور پر فلم اور ڈرامہ بنا کر پراپیگنڈا کرنے والوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے۔

ملاقات کے وزیرِ اعظم عمران خان نے مجوزہ منصوبے کو سراہتے ہوئے شرکاء کو حکومت کے طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Comments are closed.