لاہور واقعہ پر مفتی منیب کی اپیل پر جزوی ہڑتال

کراچی(ویب ڈیسک) لاہور میں پیش آنے والے واقعے کے خلاف مفتی منیب الرحمان کی اپیل پر بعض شہروں میں جزوی ہڑتال کی گئی پہیہ جام نہیں ہوا ۔

مفتی منیب الرحمان نےکراچی میں دیگر علماء کے ہمراہ پریس کانفرنس میں لاہور واقعے کے خلاف ملک بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیاتھا ۔

مولانا فضل الرحمان نے بھی ان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے تھا کہ ہم بھی اس معاملے میں مفتی منیب الرحمان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔

دوسری طرف امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور کی موجودہ صورت حال پر تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔

سراج الحق نےلاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نیت شروع سے ٹھیک نہیں تھی، بہتر یہی ہے کہ تمام سیاسی اور مذہبی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پولیس نے یتیم خانہ چوک پر کئی روز سے بیٹھے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آپریشن کیا اور اس دوران تشدد کے واقعات پیش آئے۔

آپریشن کے دوران یتیم خانہ چوک کی جانب جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔

Comments are closed.