سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس، دہشتگردوں کی بریت پر بھارتی ہائی کمشنر کی طلبی،احتجاج

اسلام آباد(زمینی حقائق )بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کی بریت پر شدید احتجاج اور مذمت کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کیا تھا۔

بھارتی ہائی کمشنر کو بتایا گیا کہ بھارتی عدالت نے سرغنہ سوامی اسمانند سمیت ہندو انتہاپسند تنظیم آر ایس ایس کے ملزمان کو چھوڑا ہے۔

قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو باور کرایا کہ پاکستان سمجھوتہ ایکسپریس پر پیش رفت نہ ہونے کا معاملا مسلسل اٹھاتا رہا ہے،دہشتگردی کی اس سنگین واردات میں 44بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے۔

ترجمان کے مطابق سمجھوتہ ایکسپریس پر پیش رفت نہ ہونے کا معاملا ہارٹ آف ایشیا2016اجلاس کی سائیڈ لائن سمیت کئی مواقعوں پر بار بار اٹھایاگیا۔

بھارت کے ساتھ ملزمان کی دیگر مقدمات میں رہائی کا معاملا بھی باضابطہ اٹھایا ، بھارتی ہائی کمشنر سے کہا گیا کہ گیارہ سال بعد بھارتی عدالت کی طرف سے ملزمان کی بریت سے بھارتی عدلیہ کی ساکھ بے نقاب ہوگئی ہے۔

گھناونے جرم کا عوامی سطح پر اعتراف کرنے والے دہشتگردوں کو تحفظ دینے والے بھارت نے مسلسل منافقانہ انداز اپنایا اور پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات لگائے گئے۔

پاکستان کے 44متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی امید تھی لیکن مجرموں کو چھوڑ دیاگیا،مجرموں کو چھوڑنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ بھارت ہندو دہشتگردوں کو تحفظ دینے کی پالیسی کو فروغ دے رہاہے۔

بھارت عدالتی اصلاحات کرے تاکہ مجروموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔

Comments are closed.