بلوچستان، بارش،برفباری متاثرین کےلیےپاک فوج کا ریسکیوآپریشن


کوئٹہ(زمینی حقائق ) بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور برف باری سےمتاثرہ خاندانوں کے لیے پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سیلابی ریلوں کے دوران لوگوں نے چھتوں پر چڑھ کر اپنی جانیں بچائیں جب کہ کئی مقامات پر سڑکیں اور پل بہہ گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور انتظامیہ کی مدد کیلئے جوانوں کو بھیج دیا گیا ہے۔

آرمی ہیلی کاپٹرز سیلاب میں پھنسے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کررہے ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مکران، لسبیلہ اور بلوچستان کے برفباری والےعلاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں جب کہ لسبیلہ کے علاقے دریجی اور قلعہ عبداللہ سے ڈیڑھ ہزار خاندانوں کو ریسکیو کیا گیا۔

بارش سے متاثرہ علاقوں میں ساڑھے تین ہزار خاندانوں کو راشن فراہم کیا گیا جب کہ آرمی کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس متاثرہ علاقوں میں طبی امداد پہنچا رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کھوجک پاس، لک پاس اور شیلاباغ کے علاقوں سے پھنسے ہوئی گاڑیوں کو نکال لیا گیا۔

دوسری جانب فرنٹیر کور نے پشین اور قلعہ عبداللہ کے علاقوں میں متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرکے ان میں گرم کپڑے اور راشن تقسیم کیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے بلوچستان میں جاری طوفانی بارشوں اور برفباری نے تباہی مچادی ہے اور گزشتہ روز بھی بچی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

Comments are closed.