اسلام آباد نے لاہور کو ہٹہ نے کراچی کو ہرا دیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک )پاکستان سپر لیگ کے اٹھارویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد کی پہلی وکٹ جے پی ڈومنی کی صورت میں گری جو سنیل نارائن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

تاہم دوسرے اینڈ سے لیوک رونکی نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری اسکور کرڈالی

لیوک رونکی کے ساتھ 87 رنز کی شاندار شراکت قائم کرنے کے بعد شاداب خان 32 رنز بناکر عمران خان جونیئر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

لیوک رونکی 77 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سنیل نارائن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ۔

بعدازاں کپتان مصباح الحق اور صاحبزادہ فرحان اننگز کے اختتام تک ناقابل شکست رہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو 18ویں اوور میں فتح سے ہمکنار کروایا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے سنیل نارائن نے تین جبکہ عمران خان جونیئر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل اوپنر اینٹن ڈیوچچ اور کپتان برینڈن میکلم کی بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 163 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کا آغاز شاندار تھا۔ اوپنرز فخر زمان اور ڈیو ڈیوچچ نے ٹیم کو 56 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔

لاہور کے مڈل آرڈر نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے شاندار آغاز سے فائدہ نہ اٹھایا۔ آغا سلمان 8 اور دنیش رامدین 9 رنز بناکر پویلین روانہ ہوگئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز اینٹن ڈیوچچ تھے جو 42 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد فہیم اشرف کی گیند کا شکار بنے۔

میکلم نے 12 گیندوں 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس کے دوران انہوں نے 3 چھکے اور دو چوکے لگائے۔

اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے تین جبکہ محمد سمیع، شاداب خان اور جے پی ڈومنی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شاندار اننگز کھیلنے پر لیوک رونکی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

دوسرے میچ میں پاکستان سپر لیگ تھری کے 19ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 67 رنز سے شکست دیدی۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے جو ڈینلی کے ساتھ شاہد آفریدی کو اوپنر بھیجا گیا۔

تاہم یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوسکا اور آفریدی صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جو ڈینلی بھی صرف ایک رن ہی بناسکے۔

کراچی کے لیے عماد وسیم 35، بابر اعظم 32 اور محمد رضوان 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کوئٹہ کی جانب سے انور علی اور راحت علی نے دو، دو اور حسن خان، لافلن، محمد نواز اور شین واٹسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل شین واٹسن اور کیون پیٹرسن کی شاندار بلے بازی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 181 رنز کا ہدف دے دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو واٹسن اور اسد شفیق کی جانب سے 60 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا گیا۔

پیٹرسن 34 گیندوں پر 52 رنز کے انفرادی اسکور پر عثمان شنواری کی گیند پر روی بوپارا کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

پیٹرسن کے آؤٹ ہونے کے بعد ریلی روسو (13) اور انور علی (6) بھی جلدی آؤٹ ہوگئے تاہم واٹسن (*90) کا بلا رنز اگلتا رہا اور اپنی ٹیم کو 180 رنز کے اسکور پر پہنچانے میں کامیاب رہے۔

کراچی کی جانب سے شاہد آفریدی، محمد عامر، عرفان جونیئر اور عثمان شنواری ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

میچ وننگ اننگز کھیلنے پر شین واٹسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آج پی ایس ایل تھری میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پشاور زلمی اسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ ملتان سلطانز کراچی کنگز کے مدمقابل ہوں گے۔

Comments are closed.