او آئی سی سفیروں کی وزیراعظم سے ملاقات، اسلامو فوبیا کے توڑ پر زور


اسلام آباد( زمینی حقاق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں او آئی سی ممالک کے سفیروں نے ملاقات کی ہے جس میں اسلامو فوبیا کی روک تھام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے عالمی سطح پر پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کوششیں کر رہا ہیتاہم اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ اسلامو فوبیا سے بین المذاہب نفرت کو ہوا ملتی ہے،شدت پسندی کو اسلام سے جوڑنے سے عالمی سطح پر مسلمان متاثر ہوتے ہیں،پاکستان دنیا میں برداشت کے فروغ کیلئے عالمی برادری سے تعاون کیلئے پر عزم ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کی آڑ میں توہین رسالتﷺسے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری ہوتی ہے ،او آئی سی اس حوالے سے عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے میں کردار ادا کرے۔

انہوں نے تمام مذاہب کے پیروکاروں کی دل آزاری روکنے کیلئے قانونی اقدامات پر زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ او آئی سی اسلام کے صحیح تشخص اور امن کے پیغام کو اجاگر کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے نبیﷺ ہمارے دلوں میں بستے ہیں، ہم اپنے نبی ﷺ کی توہین برداشت نہیں کر سکتے۔ مسلمانوں کی جان بوجھ کر دل آزاری کی جارہی ہے، مغربی ممالک میں اسلام فوبیا میں اضافہ ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں مذہب کو مذہب کی طرح نہیں سمجھا جاتا۔ اظہاررائے کی آزادی کی آڑ میں توہین رسالت ﷺسے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری ہوتی ہے، اسلامو فوبیا سے بین المذاہب نفرت کو ہوا ملتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ مسلم ممالک اس حساس معاملے پر متحد ہو، او آئی سی اس حوالے سے عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے میں کردارادا کرے، سفرا نے معاملے کو ہر سطح پر اٹھانے کا عزم ظاہر کیا۔

Comments are closed.