عوام کو اس نااہل ٹولے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا،عمران خان

45 / 100

فائل :فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی ترجیحات عوام کے بجائے اپنے مقدمات کا خاتمہ کرنا ہے، عوام کو اس نااہل ٹولے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے سیلاب کی صورتحال میں پنجاب اور کے پی کے میں اقدامات کا جائزہ لیا اور عمران خان کو سندھ میں سیلاب صورتحال پر بریفنگ دی۔

علی زیدی نے بتایا کہ سندھ حکومت نے عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے، کراچی کے بعد اندرون سندھ میں بھی سندھ حکومت کی کارکردگی کی قلعی کھل گئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی، پنجاب اور کے پی حکومتوں کو متاثرین کی فوری امداد کی ہدایت کردی ہے، وفاقی حکومت کی ترجیحات عوام کے بجائے اپنے مقدمات کا خاتمہ کرنا ہے، عوام کو اس نااہل ٹولے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا سکتا، شہباز شریف کو کوئی بھی پیسے دینے کے لیے تیار نہیں۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کی عوامی رابطہ مہم اور جلسوں سے متعلق بھی مشاورت ہوئی، عمران خان کے دورہ سندھ کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی، سندھ میں جلسوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خود جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ اب ان کے دوروں کا شیڈول ترتیب دیا جارہا ہے۔

Comments are closed.