کراچی سے بھارتی خفیہ ایجنسی ، را، کا مبینہ جاسوس گرفتار

فوٹو: فائل

کراچی:کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ، را، کے نیٹ ورک کیلئے کام کرنے والے ایک مبینہ جاسوس کو ایف آئی اے نے گرفتار کر لیاہے۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں یہ کارروائی ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کی طرف سے کی گئی ، جس کے نتیجے میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے نیٹ ورک کے لیے کام کرنے والا مبینہ کارندہ گرفتار ہوا ۔

ملزم کا نام عبدالجبار بتایا گیا ہے، جس کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، جو کراچی میں بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپر سیل کے لیے کام کررہا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار کیا گیا ملزم بم تیارکرنے اور جدید ہتھیار چلانے میں مہارت رکھتا ہے ، جب کہ یہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے تربیت حاصل کرنے 4 بار بھارت بھی گیا ۔

جہاں سے کراچی میں اس کو تمام ہدایات بھارتی شہری محمود صدیقی کی طرف سے دی جاتی تھیں ، جب کہ ملزم عبدالجبار اپنے بھارتی ہینڈلر محمود صدیقی کی طرف سے بھیجی گئی حوالہ ہنڈی کی رقم وصول کیا کرتاتھا۔

ملزم کی ہنڈی کے زریعے وصول کی گئی رقم شہر قائد میں ہونے والی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر وارداتوں کے لیے استعمال ہوتی تھی۔

واضح رہے کچھ عرصہ قبل بھی اسی طرح کی ایک کارروائی میں کراچی سے را کے 2 ایجنٹس گرفتار کیے گئے تھے ، بتایا گیا تھا کہ گرفتار ایجنٹ ماجد اور عادل انصاری سرکاری ملازم تھے۔

ملزمان کو کراچی میں دہشتگردی کا بڑا ٹاسک ملنا تھا ، کراچی انسداد دہشت گردی عدالت نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے تینوں دہشت گردوں کو 26 مارچ تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

Comments are closed.