پشاور نے کراچی اور اسلام آباد نے کو ہٹہ کو ہرا دیا

شارجہ(شہر یار خان)  پاکستان سپر لیگ کے27ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگ کو ہرایا جب کہ 28ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے 148 رنز ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کے بلے باز اننگز کے آغاز سے میچ پر حاوی رہے۔

اسلام آباد کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز لیوک رونکی تھے جو 10 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز ایلکس ہیلز تھے جو 16 رنز بناکر میر حمزہ کی گیند کا نشانہ بنے ۔ شاداب خان شین واٹسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

54 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد جے پی دومنی راحت علی کی گیند پر حسان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

حسین طلعت 28 جبکہ آصف علی 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ کی جانب سے راحت علی نے دو جبکہ میر حمزہ اور شین واٹسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ کو 147 رنز تک محدود کردیا تھا۔

شین واٹسن کوئٹہ کے لیے اوپن کرنے آئے تاہم 8 رنز بناکر سمیت پیٹل کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ جیسن روئے تھے جو عماد بٹ کی گیند پر 17 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

کیون پیٹرسن بھی فہیم اشرف کی گیند پر 7 رنز بناکر کیپر لیوک رونکی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے

سرفراز احمد اور عمر امین کے درمیان 61 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم 28 رنز بناکر عمر امین عماد بٹ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

سرفراز احمد بھی 43 رنز بناکر حسین طلعت کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئٹہ کی اننگز بکھر گئی۔

انور علی اور محمد نوازبالترتیب 2 اور ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے تین، عماد بٹ نے دو جبکہ حسین طلعت اور سمیت پٹیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاندار اننگز کھیلنے پر جے پی ڈومنی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل اہم میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 44 رنز سے شکست دے دی۔ دفاعی چیمپئین پشاور زلمی نے کامران اکمل کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ اوورز میں 181 رنز بنائے جس کے جواب میں کراچی کنگز 137 رنز ہی بناسکی۔

کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔

دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہوجانے کے بعد لیام ڈاسن نے کراچی کے مڈل آرڈر کو اڑا کر رکھ دیا، انہوں نے مورگن، روی بوپارا اور شاہد آفریدی جیسے اہم کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر میچ میں پشاور کی گرفت مضبوط کردی۔

پی ایس ایل تھری میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے انگلش ٹیم کے کپتان ایون مورگن کی اننگز بھی 5 رنز تک ہی محدود رہی جب کہ روی بوپارا بھی 7 رنز ہی بناسکے تاہم شاہد آفریدی نے مسلسل 4 گیندوں پر 4 بلند وبانگ چھکے لگائے مگر وہ بھی 26 رنز پر ہمت ہار گئے۔

بابر اعظم  50 گیندوں پر 66 رنز کی اہم اننگز کھیل کر وہ آؤٹ ہوگئے، انہیں وہاب ریاض نے پویلین بھیجا۔ محمد رضوان 16 اور اسامہ میر 9 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور کامران اکمل نے کیا تاہم حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، ون ڈاؤن آنے والے ڈیوان اسمتھ بھی صرف 15 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

ڈیوان اسمتھ کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسلز بھی عثمان خان کی گیند پر روی بوپارہ کو کیچ دے بیٹھے، اس موقع پر کامران اکمل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور جارحانہ انداز میں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 75 رنز بنائے، سعد نسیم نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 18 گیندوں پر 35 رنز بنائے تاہم 160 کے مجموعی اسکور پر عثمان خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

کامران اکمل اور عثمان خان کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان ڈیرن سیمی نے کراچی کنگز کے بولرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور 15 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 36 رنز بناڈالے، ڈیرن سیمی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی۔

جمعے کو پشاور زلمی اور لاہور قلندرز جبکہ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچز کھیلے جائیں گے۔

Comments are closed.