پاکستان کے خلاف سازشیں ناکام بنا دیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی(ویب ڈیسک) کور کمانڈرزکا ملک کی اندرونی سیکیورٹی صورتحال اور خطے میں امن کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات بشمول افغان مصالحتی عمل پر اطمینان کا اظہار۔

آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت 218ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد جنرل ہیڈ کوارٹر میں ہوا۔
شرکاء نے ملک کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

کانفرنس میں اندرونی معاملات اور خطے میں قیام امن کے لیے کیے جانے والے حالیہ اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیاگیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد کے تحت آپریشنز جاری ہیں، اب ضرورت اس بات کی ہے کہ امن کی بہتر صورتحال کے ثمرات لوگوں تک پہنچیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنانے کے لیے کوشاں ہیں، پاکستان کے خلاف کی جانے والی سازشیں ناکام بنائیں گے۔ اپنی سرحدوں کے تحفظ سمیت مربوط قومی ردعمل پر بھرپور توجہ ہے۔

اجلاس کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باوٴنڈری کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی اور معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی بات چیت ہوئی۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکاء نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

Comments are closed.