پاکستان کےایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نہ نکلنے پر وزیر خارجہ نے پینترا بدل لیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)حکومتی دعووں کے باوجود پاکستان کے گرے لسٹ سے نہ نکلنے پروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیا پینترا بدل لیا، کہتے ہیں بھارت پاکستان کو
ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل کروانے میں ناکام رہا ہے۔

ایف اے ٹی ایف کی طرف سے جون تک کی نئی تاریخ ملنے پر جاری بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ٹیرر فنانسنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے ہم نے قانون سازی سمیت بھرپور کوششیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فیٹف کے 27 میں سے 24 نکات پر مکمل عملدرآمد کر لیا ہے، جون تک باقی تین نکات پر بھی عمل درآمد کر لیں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے بھارت کو ناکامی ہوئی اور بھارت پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل کروانے میں ناکام رہا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت چکائی ہے جبکہ بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے، اجلاس میں 13 ممالک نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو آئندہ 4 ماہ تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے 27 میں سے 24 نکات پر مکمل عمل درآمد کیا۔

ایف اے ٹی ایف کے نئے فیصلے کے مطابق پاکستان کو جون تک گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور جون کے اجلاس میں گرے لسٹ سے نکلنے پر دوبارہ غور ہوگا.

Comments are closed.