پاکستان کی کرکٹ میں خواتین کمنٹیٹرز کی شروعات

فوٹو: پی سی بی

راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک)نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں خواتین کمنٹیٹرز ،تبصرہ نگاروں اور میدان سے اپ ڈیٹ دیتی میزبان نے پاکستان کرکٹ کو ایک نیا موڑ اور نیا رنگ دیا ہے۔

اس جدت کا کریڈٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہی جاتا ہے کیونکہ پی سی بی کے زیر اہتمام 30 ستمبر سے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا آغاز ہوا تو اس میں خواتین کمنٹیٹرز کو موقع دیا گیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا اس میدان میں بھی اظہار کریں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری ایک بیان میں خواتین تبصرہ نگاروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ 30 ستمبر کو شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سنسنی خیز مقابلوں پر دلچسپ تبصرے بھی جاری ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ براہ راست نشر ہونے والے ان میچوں میں وسیم اکرم، رمیض راجا، وقار یونس، بازید خان اور اظہر علی سمیت دیگر کمنٹیٹرز کے علاوہ سابق خواتین کرکٹرز نے بھی اپنی کمنٹری سے مداحوں کو ٹی وی اسکرین سے جوڑے رکھا۔

پی سی بی کے مطابق سابق کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم ثنا میر، خواتین ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی رکن مرینہ اقبال، معروف ٹی وی میزبان زینب عباس اور سویرا پاشا پر مشتمل چار رکنی خواتین کا پینل بھی ملتان کے بعد راولپنڈی میں میچوں پر اپنا تبصرہ کررہا ہے۔

خواتین کمنٹیٹرز میچ سے پہلے اور میچ کے بعد تجزیاتی شوز کی میزبانی کررہی ہیں اور اپنا تجزیہ بھی پیش کررہی ہیں۔ ثنا میر نے اپنے نئے تجربے کے حوالے سے کہا کہ راولپنڈی کے میدان میں جاری کرکٹ مقابلوں پر تبصرے کرنے کا تجربہ بہترین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل اور میچ کے بعد تجزیے پہلے بھی کر چکی ہیں لیکن پچ رپورٹ اور پھر کمنٹری باکس میں بیٹھ کر میچ پر تبصرہ کرنے کا تجربہ پہلی مرتبہ ملا ہے۔

بین الاقوامی سطح پر 36 ایک روزہ 42 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی مرینہ اقبال نے کہا کہ وہ گزشتہ برس نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ اور رواں برس کے شروع میں ایم سی سی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر متعدد میچوں پر تبصرہ کرچکی ہیں۔

سابق اوپنر نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2020 میں کمنٹری باکس سے کھیل کا احوال بتانے کا نیا تجربہ منفرد ہے اور اتنے بڑے ایونٹ میں کمنٹری کرنے پر وہ بہت خوش ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سمیت کرکٹ کے دیگر کئی مقابلوں میں میزبانی کے فرائض انجام دینے والی زینب عباس نے کہا کہ وقت بدل چکا ہے، آج خواتین ہر شعبے میں نام کما رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ نئے منظرنامے میں خواتین کی نمائندگی کرنے پر بہت فخر محسوس کررہی ہوں۔

سپورٹس تجزیہ کار و اینکرسویرا پاشا نے بورڈ کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ پی سی بی کی جانب سے خواتین کو میدان کے اندر اور باہر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے موقع فراہم کرنا خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے اس منفرد تجربے کے دوران محمد رضوان کا سپر مین کیچ پسندیدہ لمحہ رہے گا۔

واضح رہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے مرحلے میں ہر ٹیم 5 میچ کھیلے تھے اور یہ مرحلہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا جس کے بعد دوسرا مرحلہ راولپنڈی میں جاری ہے۔

Comments are closed.