پاکستان سپرلیگ کاچھٹا ایڈیشن ، کراچی میں رونقیں لگ گئیں


کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)اکستان سپر لیگ کا چھٹا ایڈیشن آج شام کراچی میں شروع ہو گیا ہے۔پہلا میچ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان جاری ہے ۔

آج صرف ایک میچ کھیلا جا رہا ہے ، جس میں دفاعی چمپئن کراچی، کوئٹہ کی ٹیم سے میچ کھیل رہے ہیں جو کہ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 8 بجے شروع ہوااور فلڈ لائٹس میں کھیلا جا رہا ہے ۔

کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں ۔ پہلا میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس سال ہونے والے چھٹے ایڈیشن میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں کوئٹہ، کراچی، ملتان، پشاور، اسلام آباد اور لاہور کی ٹیمیں شامل ہیں، جن کے درمیان 34 میچز کھیلیں گی،تمام ہی ٹیمیں مضبوط اور ٹائٹل جیتنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔

کھلاڑیوں اور اسٹاف کی حفاظت کیلئے پی سی بی کی جانب سے اسٹیڈیم کے پاس 5 بیڈز پر مشتمل عارضی اسپتال قائم ہیں۔ اسپتال میں ہر وقت ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس اسٹاف موجود رہے گا۔

لیگ میں شرکت کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ لیگ کا فائنل میچ 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

میچ کے موقع پر ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل روٹس، سٹل سروس اور بند سڑکوں سے متعلق ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کایہ دوسرا سیزن ہوگا جو پوری طرح سے پاکستان میں منعقد ہوگا،لیگ کے پہلے 20 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ناک آؤٹ اور فائنل سمیت بقیہ 14میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹرزپی ایس ایل 2021 میں کمنٹری کریں گے ،ان میں رمیز راجہ، بازید خان، ایلن ولکنز، ثناء میر، عروج ممتاز، ڈومنک کارک، سائمن ڈول، ڈینی موریسن، پومی ایمبینگوا، ڈیوڈ گاوراور جے پی ڈومنی کمنٹری پینل میں شامل ہیں۔

ممتاز کمنٹیٹر طارق سعید اور سکندر بخت اردو زبان میں کمنٹری کریں گے۔این سی او سی نے پاکستان سپر لیگ کے میچوں میں تماشائیوں کے لیے ایس او پیز جاری کردیا ہے۔سٹیڈیم میں آنے والوں کو ایک میٹر کے فاصلے پر بیٹھنا ہوگا۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق تماشائیوں کے سٹیڈیم کے کسی بھی مقام پر تھوکنے پر پابندی ہوگی۔2 افراد کے درمیان 2 سیٹیں چھوڑی جائیں گی اور ایک قطار کا فاصلہ بھی یقینی بنایا جائے گا،گراؤنڈ کے اندر اور باہر فیس ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

Comments are closed.