وفاقی کابینہ کا 9 گھنٹے طویل خصوصی اجلاس

اسلام آباد(ویب ڈیسک )وفاقی کابینہ کا نو گھنٹے طویل اجلاس،مراد سعید کارکردگی میں آ گے، ، شیخ رشید کی بریفنگ پر تالیاں بجیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کے جائزہ لینے اور اسے مزید فعال بنانے کیلئے اجلاس طلب کیا تھا، تمام وزرا نے دس دس منٹ اپنی وزارتوں کی اب تک کی کارکردگی اور آئندہ کی حکمت عملی پربریفنگ دی۔

وزیراعظم نے کسی وزیر کی کمر تھپتھپائی تو کسی کو مزید بہتر کام کرنے کا مشورہ دیا۔معاون خصوصی ذلفی بخاری ، وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کارکردگی بہترین رہی۔

کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے فواد چودھری کی کارکردگی کی بھی تعریف کی اور انہیں حکومتی نقطہ نظرمزید بہتر انداز میں پیش کرنے کو کہا۔

وزیراعظم نے فرداً فرداً ہر وزیر کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ہر وزارت اور ڈویڑن کو بریفنگ کے لیے 10 منٹ دئیے گئے، بریفنگ کے بعد وزرا سے 5 منٹ سوالات وجوابات بھی ہوئے۔

شیخ رشید نے اپنی وزارت کی کارکردگی پر خودبریفنگ دی۔ کابینہ کے ارکان نے ڈیسک بجا کر انہیں خوب داد بھی دی۔۔ وزیرمملکت مرادسعیدکی کارکردگی کو بھی بہترین قرار دیاگیا اور انہیں وفاقی وزیر بنائے جانے کاامکان ہے۔

وفاقی وزیرنجکاری کوسول ایوی ایشن کا اضافی چارج دینے اور وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول کے ساتھ مشیربرائے آئی ٹی لگائے جانے کا امکان ہے ۔

اجلاس کے بعدوزیراعظم آفس کے اعلامیے میں کہاگیاہے کہ کارکردگی کا جائزہ لینے کا مقصد حکومت کی سمت کو درست رکھنا ہے۔ نو گھنٹے کی نشست میں چھبیس وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

باقی وزارتوں کا جائزہ لینے کے لیے تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ چیئر مین بی او آئی ہارون شریف کی پہلی اور عمر ایوب کی آخری بریفنگ تھی ۔

Comments are closed.