وزیراعظم کی بات پر دکھ ہوا، کیچڑ نہ اچھالیں، الیکشن کمیشن


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن کا وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل سامنے آگیاہے اورکہا گیاہے کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق وزیراعظم اور کچھ کابینہ اراکین کے بیانات سن کر دکھ ہوا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا اجلاس میں میں وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ روز کے بیان کا جائزہ لیا گیا اور سینیٹ الیکشن کو آئین و قانون کے مطابق قرار دیاگیا۔

الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیہ کے مطابق سینیٹ الیکشن خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہونے پربھی خدا کے شکر گزار ہیں، الیکشن نتائج کے بعد میڈیا کے ذریعے جو خیالات مشاہدے میں آئے انہیں سن کر دکھ ہوا۔

اعلامیہ کے مطابق بالخصوص وزیراعظم پاکستان اور کابینہ کے چند اراکین کے خطاب سن کر دکھ ہوا، بتایا گیا کہ ای سی پی ایک آئینی اور آزاد ادارہ ہے، آئین اور قانون جس کی اجازت دیتا ہے وہی الیکشن کمیشن کا معیار ہے۔

یہ واضح کیا گیا کہ کسی کی خوشنودی کی خاطر آئین اور قانون کو نظر انداز کر سکتے ہیں اور نا ترمیم کر سکتے ہیں، الیکشن کمیشن بغیر کسی دباؤ کے آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرتا ہے تاکہ پاکستانی عوامی میں جمہوریت کو فروغ ملے۔

اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ بات حیران کن ہے کہ ایک ہی روز ایک ہی چھت کے نیچے ایک ہی الیکٹورل میں ایک ہی عملے کی موجودگی میں جو ہار گئے وہ نا منظور اور جو جیت گئے وہ منظور، کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ

اعلامیہ میں سینیٹ الیکشن کے نتائج پر ناراضی کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہی جمہوریت، آزادانہ الیکشن اور خفیہ بیلٹ کا حسن ہے جسے پوری قوم سے دیکھا اور یہی آئین کی منشا تھی۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ جن خیالات کا اظہار کیا گیا ہے وہ پارلیمان سے منظور کروانے میں کیا امر مانع تھا جب کہ الیکشن کمیشن کا کام قانون سازی نہیں بلکہ قانون کی پاسبانی ہے، اگر اسی طرح اداروں کی تضحیک کی جاتی رہی تو یہ ان کی کمزوری کے مترادف ہو گا نہ کہ الیکشن کمیشن کی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ہر سیاسی جماعت اور شخص میں شکست تسلیم کرنے کا جذبہ ہونا چاہیے، اگر کہیں اختلاف ہے تو شواہد کے ساتھ
آئیں، آپ کی تجاویز سن سکتے ہیں تو شکایت کیوں نہیں سن سکتے، ہمیں کام کرنے دیں اور ملکی اداروں پر کیچڑ نہ اچھالیں۔

Comments are closed.