وزیراعظم کا دورہ سری لنکا،21نکاتی مشترکہ اعلامیہ


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان اور سری لنکانے تعلقات کی مضبوطی اور دونوں ممالک نے آئندہ وفود سمیت اعلیٰ سطح کے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے،وزیراعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کے موقع پر پاک سری لنکا 21 نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور خیرسگالی پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملی ۔

دونوں ممالک کا مسلسل ملاقاتوں، وفود کی سطح پر مشاورتی اجلاس منعقد کرنے اور جامع انداز میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے،وزیراعظم عمران خان نے "پرامن ہمسائیگی” کے وژن کے تحت سری لنکا کی سماجی و اقتصادی ترقی کی حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک نے ثقافتی روابط، افرادی قوت کی ترقی وتربیت، تعلیمی و فنی شعبہ جات میں استعداد کار بڑھانے کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔پاکستان کی جانب سے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے 100 وظائف کا اعلان کیا گیا۔

یہ تعلیمی وظائف پاکستان سری لنکا ہائیر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام کے تحت دئیے جائیں گے ۔سری لنکا نے افرادی قوت کی ترقی اور استعداد کار میں اضافے کے لئے پاکستان کے تعاون کو سراہا ، پاکستان سری لنکا میں اسپورٹس کے فروغ کے لیے 52 ملین روپے فراہم کرے گا۔

مذہبی سیاحت کی موجودہ صلاحیت کو بھرپور طور پر بروئے کار لانے، اس شعبے میں تربیت اور استعداد کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان نے ایشیائی تہذیب و تمدن ثقافتی مرکز قائم کرنے کا اعلان بھی کیا ۔

دونوں ممالک کا سیاحت، تجارت، ثقافت اور عوامی سطح پر رابطے بڑھانے پر اتفاق ہوا،پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو طرفہ تجارت ایک ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے پر زوردیا گیا جبکہ تجارت اور سرمایہ کاری کانفرنس کے مشترکہ انعقاد کا خیر مقدم بھی کیا گیا۔

دونوں ممالک نے پاکستان سری لنکا آزادانہ تجارتی معاہدے کو وسعت دینے اورمل کر کام کرنے پر اتفاق کیا،، دونوں جانب سے مختلف شعبوں میں کثیرجہتی دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک پاکستان اور سری لنکا نے آزاد تجارتی معاہدے پر بھی کام کرنے پر اتفاق کیا گیا، دورے کے دوران متعدد ایم او یوز بھی پر دستخط کیے گئے۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 50 ملین ڈالرکی دفاعی کریڈیٹ لائن کی سہولت کا بھی اعلان کیا، جبکہ دہشت گردی، سیکیورٹی، جرائم، اسمگلنگ کو روکنے کے لیے مضبوط اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔

Comments are closed.