وزیراعظم عمران خان کا او آئی سی سربراہ اجلاس سے خطاب

مکہ المکرمہ (نیٹ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے اسلام کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں جب کہ مسلم دنیا کے خلاف ظلم وبربریت کا سلسلہ بند کیا جائے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان او آئی سی کے 14 ویں سربراہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے، انھوں نے کہا کہ کوئی مذہب معصوم انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا، دہشتگردی کواسلام سے الگ سمجھنا ہوگا۔

انھوں نے کہا اسلام کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں، مسلم دنیا کے خلاف ظلم وبربریت کا سلسلہ بند کیا جائے، نیوزی لینڈ کے واقعے نے ثابت کردیا کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں۔

وزیرعظم نے کہا مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد پردہشتگردی کا لیبل درست نہیں، مغربی دنیا مسلمانوں کے جذبات کا احساس کرے جب کہ دنیا کواسلامو فوبیا سے نکلنا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نائن الیون کے بعد کشمیریوں اورفلسطینیوں پرمظالم ڈھائے گئے، نائن الیون سے پہلے زیادہ ترخودکش حملے تامل ٹائیگرزکرتے تھے، تامل ٹائیگرزکے حملوں کا تعلق کسی نے مذہب سے نہیں جوڑا۔

عمران خان نے کہا اسرائیل نے دہشتگردی کومعصوم فلسطینیوں کے خلاف استعمال کیا، جولان کی پہاڑیاں فلسطین کا حصہ رہنی چاہئیں، بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہیے، مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد کو دہشتگردی سے جوڑنا درست نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی کے لئے سیاسی جدوجہد کررہے ہیں، مسئلہ کشمیرکا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نا گزیرہے، کشمیریوں کوحق خودارادیت ملنا چاہیے۔

ہمیں معیاری تعلیم پرخصوصی توجہ دینا ہوگی، اسلامی دنیا کوسائنس وٹیکنالوجی پرتوجہ دینا ہوگی جب کہ اوآئی سی کے پلیٹ فارم سے سائنس وٹیکنالوجی کیلئے کام کرنا ہوگا۔

Comments are closed.