نیب نے ہائی کورٹ فیصلے کی دھجیاں اڑائیں، حمزہ شہباز

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز نے کہا ہے نیب نے ہائیکورٹ کے فیصلے کی دھجیاں اڑائی ہیں، میں نیب کے اقدام کو ہر فورم پر چیلنج کروں گا۔

نیب چھاپے کے بعد حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب ٹیم نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور ایسا لگا جیسے ہم دہشتگرد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی انہیں نوٹس ہوا وہ تمام تحفظات کے باوجود پیش ہوئے۔ ‘پاکستانیوں کوبتانا چاہتا ہوں کہ میری بیٹی زندگی موت کی کشمکش میں تھی ،کیا قیامت ٹوٹ پڑی جو میرے گھر پر دھاوا بولا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اقدام کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے لیکن حکومت نہیں گرائیں گے کیونکہ ہم انہیں سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی کہا ہے کہ آپ لوگوں کی تضحیک کرتے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پشاورمیٹرو میں اربوں کی کرپشن کا پتہ چلتا ہے لیکن کرپشن کرنیوالے دندناتے پھرتے ہیں،مگر گرفتاری ہوتی ہے تو نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز اورحمزہ شہبازکی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی شرمناک حرکت کے بعد کسی کی عزت محفوظ نہیں رہے گی،عمران نیازی چور ڈاکو ڈھونڈنے ہیں تو اپنی کابینہ میں ڈھونڈو۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ نیب نیآج ہائیکورٹ کے فیصلے کی دھجیاں اڑائی ہیں ، دھکے اور بدتمیزی کرنے والے وہ ہیں جو بغیر نوٹس کے دیوار پھلانگ کر آئے، آٹھ مہینے ہو گئے چور ڈاکو کے نعرے لگاتے لیکن وہ کچھ ثابت نہیں کر سکے۔

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے آج شہباز شریف کی رہائشگاہ پر چھاپہ مارا تھا لیکن اس دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

Comments are closed.