نواز شریف کی واپسی کیلئے حکومت نے برطانیہ کو خط لکھ دیا

فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی  وطن واپسی کے لیے حکومت نے برطانوی حکومت کو خط لکھ دیا ہے، پنجاب حکومت نے ان کی ضمانت کی مدت میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی تھی.

نواز شریف کے لئے ایک اور مشکل پیدا ہو گئی، وفاقی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ضمانت کی مدت ختم ہونے کے بعد ان کی واپسی کے لئے برطانوی حکومت سے رابطہ کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی سفارش اور مشاورت کے بعد وفاقی حکومت نے نواز شریف کی واپسی کے لئے برطانوی حکومت کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے.

خط میں موقف اپنایا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے نواز شریف کو العزیزیہ نیب ریفرنس میں سات سال قید کی سزا سنائی، ان کی درخواست پر عدالت عالیہ نے انہیں علاج کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے ضمانت کی مدت ختم ہونے تک کسی اسپتال میں داخل نہیں ہوئے، صوبائی حکومت نے ان کی ضمانت کی مدت میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ نواز شریف نے اپنی باقی سزا پوری کرنا ہے اس لئے انہیں واپس پاکستان بھجوایا جائے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے اور جلد ہی دل کا آپریشن کیا جائے گا۔

25 فروری 2020 کو پنجاب حکومت نے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد صوبائی حکومت نے وفاق کو کارروائی کے لیے خط لکھا تھا۔

چند روز قبل وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ نواز شریف نے اپنے علاج سے متعلق کوئی رپورٹ پنجاب حکومت کو جمع نہیں کرائی، نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کا وقت آپہنچا ہے۔

واضح رہے عدالت نے بھی علاج کے لیے باہر بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی تھی اگر مدت میں توسیع کی ضرورت پڑے تو پنجاب حکومت سے رجوع کیا جائے جبکہ پنجاب حکومت توسیع کےلیے اپنائے گئے موقف سے مطمئن نہیں ہے.

Comments are closed.