نواز شریف اورالطاف حسین کے خطاب میں کوئی فرق نہیں رہا،شبلی فراز


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنے اثاثے اور منی لانڈرنگ سے بنا ئے گئے پیسے اور خاندان کو کو بچانے کے لیے اداروں پرتنقید کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف سے قوم اور حکومت کے دو سوال ہیں کہ آپ نے جائیدادیں کیسی بنائیں اور پیسہ کیسے باہر لے گئے؟ لیکن وہ یہ جواب دینے میں ناکام رہے ہیں اور الٹا اداروں پر تنقید شروع کردی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات نے نواز شریف پر الزام لگایا کہ وہ اپنے آپ کو بچانے کی خاطر ملک کوداؤ پر لگا رہے ہیں، یہ جو تقریریں ہو رہی ہیں ان سے ملک سے بدلہ لیا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا ملک کے خلاف تقریریں کرنے والوں نے اربوں روپوں کی جائیدادیں بنائیں۔ وزیر اطلاعات نے نواز شریف کو مخاطب کرکے کہا کہ ٓآپ نے ہر بات کا جواب دیا سوائے اس کے جو آپ سے پوچھا جا رہا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ نواز شریف نے ملک کی قیمت پر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ نواز دور میں کیے گئے معاہدوں کے باعث قوم کو مہنگی بجلی مل رہی ہے،نواز شریف اور الطاف حسین کے خطاب میں کوئی فرق نہیں رہا۔

حکومت نواز شریف کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی

نواز شریف کی طرف سے انتخابات میں دھاندلی کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا شبلی فراز نے کہا مسلم لیگ ن نے انتخابی نتائج کے خلاف کوئی تحریک نہیں چلائی اور قانون کے مطابق انتخابی نتائج کے خلاف الیکشن ٹریبیونلز میں پٹیشن دائر نہیں کیے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نواز شریف کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی،نواز شریف اب لوگوں کو بغاوت پر اکسا رہتے رہے ہیں، وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ حکومت نواز شریف کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ بہتان لگانے اور تقریریں کرنے سے چھوٹ نہیں ملے گی۔ شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کرپشن کرنے والوں کو نہیں چھوڑے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان خود قیمتوں کو مانیٹر کررہے ہیں۔ ان کے مطابق حکومتی ادارے بھی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،کورونا کے دوران حکومت نے ملک کو سہارا دیا اور بحرانی کیفیت پر قابو پایا لیکن نواز شریف ملک میں بے چینی پھہلانا چاہتے ہیں۔

Comments are closed.