معروف فوک گلو کار شوکت علی انتقال کرگئے


لاہور: صدارتی ایوارڈ یافتہ فوک گلوکار شوکت علی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

گلوکار شوکت علی جگر کے عارضے میں مبتلا اورسی ایم ایچ میں زیر علاج تھے ان کے انتقال کی تصدیق ان کے اہلخانہ نے کی ہے جس کے بعد فوک گلوکاری کاایک عظیم باب بند ہو گیا۔

شوکت علی کے بیٹے عمران شوکت نے مداحوں سے اپنے والد کی صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی تھی جب ک گلو کارہ کافی دنوں سے شدید علیل تھے۔

شوکت علی نے فلمی گانوں کے ساتھ ساتھ قومی نغموں میں بھی شہرت حاصل کی خاص کر فوک گلوکاری میں انھیں خاص مقام حاصل تھا ۔شوکت علی پنجاب کے ضلع گجرات کے فنکار گھرانے میں پیدا ہوئے ۔

مرحوم شوکت علی نے اپنے فنی سفر کا آغاز فلمی گانوں سے 1960 کی دہائی میں کیا تھا اور شوکت علی کا غزل، گیت، قومی ترانے اور پنجابی لوک گیتوں میں منفرد مقام تھا۔

گلوکار شوکت علی کاگایا ہوا نغمہ جاگ اٹھا ہے سارا وطن بہت مشہور ہوا اور 1965 اور 1971 کی جنگوں میں شوکت علی کے ملی نغموں نے قوم کا خون گرمایا۔

گلوکار شوکت علی کو 1976 میں وائس آف پنجاب کے ایوارڈ سے نوازا گیا اور پھر 1990 میں شوکت علی کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

معروف گلوکار کو جولائی 2013 میں انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ پرائیڈ آف پنجاب’ ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ شوکت علی نے 1982 میں نئی دہلی میں ہونے والے ایشین گیمز میں براہ راست پرفارمنس بھی دی تھی۔

Comments are closed.