لاہور قلندر نے ہار کی روایت برقرار رکھی ،پشاور کو کراچی نے ہرا دیا

فوٹو : پی سی بی

کراچی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پی ایس ایل فائیو کے دوسرے دن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرادیا جبکہ تیسرے میچ میں لاہور قلندر نے ہارنے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ملتان سلطان کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے.

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلےگئے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرادیا، کراچی کنگز کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور بینٹون نے کیا.

کامران اکمل نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا 43 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوگئے، ون ڈاؤن آنے والے حیدر علی صرف 4 رنز بناکر چلتے بنے جب کہ شعیب ملک 16 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔

لیونگ اسٹون نے  پشاور زلمی کی ٹیم کو سنبھالا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 54 رنز بنائے جب کہ زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے لیونگ اسٹون کا بھرپور ساتھ دیا اور 30 رنز کی اننگز کھیلی تاہم پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 191 رنز ہی بناسکی۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرین سیمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی، کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابراعظم نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا تاہم شرجیل 11 گیندوں پر 19 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے.

کیمرون ڈیلپورٹ 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے بابراعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، وہ 56 گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے بھی نصف سنچری اسکور کی، وہ 30 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔

افتخار احمد نے آخری اوور میں 3 گیندوں پر 16 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 2 اور محمد محسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری جانب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور کرس لن نے کیا.

دونوں اوپنرز نے 59 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جس کے بعد کرس لن 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد فخرزمان بھی 19 رنز بناکر پویلین چلتے بنے۔

محمد حفیظ 14 رنز بناکر عمران طاہر کا شکار بنے، کپتان سہیل اختر نے ملتان سلطانز کے بولرز کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی اور 34 رنز بنائے جس کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔

جواب میں ملتان سلطان نے مقررہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان نقصان پر حاصل کر لیا، 21 رنز کی اننگز کھیلنے والے شاہد آفریدی نے چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی.

Comments are closed.