قومی اسمبلی میں اپوزیشن نعروں کی گونج، وزیراعظم کو جانا پڑا

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے حکومت کیخلاف شدید احتجاج کیا ، آٹا چینی چورکی سرکار نہیں چلے کی گونج بلند ہوئی تو وزیراعظم عمران خان اٹھ کر ایوان سے باہر جانا پڑ گیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا تو وزیراعظم عمران خان نے بھی شرکت کی، حکومت کا خیال تھاکہ گوجرانوالہ جلسہ کے باعث اپوزیشن چپ رہے گی اور حکومتی ارکان کا پلہ بھاری ہوگا لیکن صورتحال مختلف رہی۔

اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن اراکین نے نشستوں پر کھڑے ہو کر شدید احتجاج کیا اور اسپیکر چپ کراتے رہ گئے لیکن ارکان خاموش نہیں ہوئے اور مسلسل حکومت مخالف نعرہ باری کرتے رہے۔

اپوزیشن ارکان اسمبلی نے آٹا، چینی چور کی سرکار نہیں چلے گی، مک گیا تیرا شو نیازی،گو نیازی گو نیازی کے نعرے لگائے۔ انہوں نے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر انتقامی سیاست نامنظور علی بابا چالیس چور، جزائر پر قبضہ نا منظور، چور سرکار نامنظور کے نعرے درج تھے۔

ایوان کی کارروائی کے دوران اپوزیشن ارکان مسلسل شور شرابا کرتے رہے، اس دوران وزیراعظم عمران خان ایوان سے چلے گئے جس پر اپوزیشن اراکین نے وہ بھاگا وہ بھاگا کے نعرے لگائے۔

حکومتی اراکین اور اپوزیشن اراکین ایوان میں آمنے سامنے آگئے اور اسپیکر قومی اسمبلی کو ہنگامہ آرائی کے باعث اجلاس بیس منٹ کے لیے ملتوی کرنا پڑا۔

Comments are closed.