عمران خان کی تقریب حلف برداری میں بھارتی کرکٹرز اور اداکارعامر خان مدعو

اسلام آباد(ویب ڈیسک )عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹرز کپل دیو، سنیل گواسکر، نوجوت سنگھ سدھو اور بالی وڈ اداکار عامر خان کو مدعو کیاگیاہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا تحریک انصاف نے عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے دعوت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقریب میں بالی ووڈ اداکار عامر خان کو بھی مدعو کیا گیا ہے جب کہ بھارتی کھلاڑیوں اور اداکار کو مدعو کرنے کا فیصلہ پارٹی نے کیا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تقریب حلف برداری میں دیگر عالمی شخصیات کو مدعو کرنے کا فیصلہ دفتر خارجہ کرے گا کہ عالمی شخصیات کو بلانے کا وقت ہے بھی یا نہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کا دعوت نامہ قبول کر لیا ہے۔نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی تقریب حلف برداری کا دعوت نامہ قبول کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بلند کردار کے آدمی ہیں۔

سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پاکستان جاوٴں گا کیونکہ عمران خان قابل اعتماد ہیں۔نوجوت سنگھ سدھو نے مزید کہا کہ کھلاڑی لوگوں کو متحد کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ عامر خان نے 2013 میں بھارتی ٹی وی کی ایک تقریب میں عمران خان سے کہا تھا کہ جب وہ وزیر اعظم بنیں گے تو ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

Comments are closed.