عمران خان کا چین کے صدر کو ٹیلیفون، مدد کرنے کی پیشکش

فوٹو : فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ کو ٹیلی فون کیا ہے اور انھیں کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کی طرف سے مدد کرنے کی پیشکش کی ہے. چینی عوام اور قیادت سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

وزیراعظم نے کورونا وائرس سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور اس جان لیوا وبا سے نمٹنے کے لیے چین کی حکومت کی جانب سے سے کیے گئے مثالی اقدامات کو سراہا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چین کے ساتھ ہیں، اس وائرس کے خلاف بروقت اور موثر  اقدامات پر دنیا بھر میں چین کی تعریف کی جا رہی ہے ۔

وزیراعظم عمران خان نے وائرس سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹرز پر مشتمل فیلڈ اسپتال چین بھیجنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی عوام اور حکومت چین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم نے اس مشکل گھڑی میں پاکستانی شہریوں کی دیکھ بھال کے لیے چین کے پختہ عزم اور خصوصی انتظامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ چین وہاں پاکستانی شہریوں اور طلبہ کی دیکھ بھال کے لیے بہترین ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔

چینی صدر نے اس نازک وقت میں پاکستان کی طرف سے چین کی حمایت پراظہار تشکر کیا اور کہا کہ چین کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مؤثر، بروقت اور بھرپور اقدامات کررہا ہے۔

شی جن پنگ نے مزید کہا کہ چین پاکستانی طلبہ کے ساتھ اپنوں جیسا سلوک کر رہا ہے اور ان کی حفاظت، صحت اور بھلائی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

چینی صدر نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے چین کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سی پیک اہم ثابت ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان اور چین کے صدر نے تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے لیے چین اور پاکستان کے عوام کے درمیان قریبی رابطے اور اعلیٰ سطح کے وفود کے دوروں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

یاد رہے کہ چین میں جان لیو وائرس پھیل گیا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 75 ہزار بیمار ہوگئے ہیں، جبکہ یہ وائرس کئی دیگر ممالک میں بھی پھیل چکا ہے.

Comments are closed.